خلیجی ملکوں پر ایرانی حملے افسوسناک، پاکستان مذاکرات کا حامی ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے خلیجی ملکوں پرایرانی حملے افسوسناک ، پاکستان مذاکرات کا حامی ہے،وفاقی دارالحکومت میں سفرا کو ایران اور افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا پاکستان ایران کی صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے، حالیہ صورتحال انتہائی نازک ،پاکستان علاقائی ملکوں کےساتھ رابطے میں ہے، پاکستان اپنی تمام سفارتی کوششیں بروئے کار لا رہا ، تمام تر توجہ کشیدگی کم کرانے پر مرکوز ہے، تمام ریاستیں دوسرے ممالک کی خودمختاری سے متعلق عالمی قوانین کی پابند ہیں، پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کے حل کےلئے سفارتکاری کی حمایت کرتا ہے، پاکستان چاہتا ہے تمام فریقین سفارت کاری اور مذاکرات کو ترجیح دیں، مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں،نائب وزیر اعظم نے کہا افغانستان کی صورتحال پر دوست ملکوں کو اعتماد میں لینا چاہتے تھے، افغانستان سے صرف ایک مطالبہ کیا اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دے، افغانستان کےساتھ پرامن ہمسائیگی کے خواہاں ہیں، گزشتہ سال افغانستان کے 3دورے کیے، افغانستان کے دورے کے دوران معیشت، تجارت اور دوسرے اہم امور پر تفصیلی بات ہوئی، دورے کے دوران ریل منصوبے کے ذریعے روابط کے فروغ پر بات ہوئی۔