سرحدی کشیدگی،طورخم سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی معطل
پشاور:(بیورورپورٹ)حالیہ کشیدگی کے باعث ضلع خیبر میں طورخم سرحدی گزرگاہ سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل معطل کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پاک افغان سرحدی مقامات پر کشیدگی کے باعث طورخم سرحد کے ذریعے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل عارضی طور پر معطل کیا،سرحدی صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد نقل و حرکت روک دی گئی۔
افغان فورسز کی فائرنگ کے باعث طورخم سرحدی گزرگاہ ٹرمینل میں کھڑی افغان پناہ گزینوں کی درجنوں گاڑیوں کو حفاظتی اقدام کے طور پر لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ادھر UNHCR پاکستان کے ترجمان قیصر خان آفریدی کے مطابق گزشتہ اڑھائی سال کے دوران پاکستان میں مقیم 20 لاکھ سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر ملک واپس جا چکے ہیں،حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی واپسی کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

















