نیب کی 5 سال میں کھربوں روپے ریکوری، پلی بارگین سے اربوں کی وصولی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نیب کی 5 سال میں کھربوں روپے ریکوری، پلی بارگین سے 65 ارب سے زائد وصولی،تفصیلات سینٹ میں پیش کردی گئیں۔

وزارت قانون کی پیش کردہ تفصیلات کے مطابق 5 سال میں 11.565 ٹریلین روپے کی ریکوری کی گئی، پلی بارگین کے ذریعے 65 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے گئے، رضاکارانہ واپسی کی مد میں 10 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد جمع ہوئے،نیب کے مطابق سیٹلمنٹ کے تحت 38 ارب 4 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کی گئی، ریاستی اراضی کی مد میں 10 کھرب 98 ارب روپے مالیت کی زمین واپس لی گئی، متفرق ریکوریز کی مد میں 479 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد حاصل کیے گئے۔

دوسری جانب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نیب کی جانب سے کی جانے والی ریکوری اربوں نہیں بلکہ کھربوں روپے میں ہے، واگزار کرائی گئی اراضی مختلف افراد کے پاس تھی، نیب آزاد ادارہ، غیر سیاسی بنایا گیا ،ماضی میں سیاسی انتقام کےلئے استعمال کیا جاتا رہا،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ادوار میں احتساب کے عمل کی سمت تبدیل ہوئی جبکہ نیب کا اصل مقصد سرکاری وسائل اور رقوم کی ریکوری تھا جس پر اب زیادہ توجہ دی گئی ۔

وزیر قانون نے دعویٰ کیا موجودہ چیئرمین کی قیادت میں نیب نے 62 کھرب 13 ارب روپے کی ریکارڈ وصولی کی، پلی بارگین میں ملزم رضا کارانہ طور پر رقوم یا اثاثے واپس کرتا ہے جس کے بعد ملزم کو قید کی سزا نہیں ہوتی تاہم وہ نااہل قرار پاتا ہے، حکومت نیب کو ڈکٹیٹ نہیں کرتی، ادارہ اپنے قوانین اور طریقہ کار کے مطابق کام کرتا ہے۔