پاکستان، اٹلی، سپین ،یونان کا غیر قانونی امیگریشن کیخلاف مشترکہ پالیسی پر اتفاق


روم: (مشرق نیوز) پاکستان، اٹلی، سپین اور یونان کے وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن ہر سطح پر روکنے کےلئے مشترکہ پالیسی فریم ورک پر اتفاق کر لیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے روم میں منعقد مائیگریشن ڈائیلاگ میں شرکت کی ،اطالوی، ہسپانوی اور یونانی ہم منصب بھی موجود تھے،اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی، سپین کے وزیر داخلہ فرنینڈو گرینڈے مارلاسکا اور یونان کے وزیر مائیگریشن اتھاناسیس پلیورس نے غیر قانونی امیگریشن روکنے کےلئے پاکستانی اقدامات کو سراہا،ااٹلی، سپین اور یونان نے غیرقانونی امیگریشن روکنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

پاکستانی وزیرداخلہ کی لیگل پاتھ وے کے ذریعے غیرقانونی امیگریشن روکنے کی تجویز پرتینوں ممالک نے اتفاق کیا اور یورپی یونین کے ذریعے پاکستان کی بھرپور معاونت کا فیصلہ کیا،پاکستان، اٹلی، سپین اور یونان نے غیر قانونی امیگریشن کو ہر سطح پر روکنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا، چاروں وزرائے داخلہ نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کا فیصلہ کیا، غیرقانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کےخلاف مشترکہ پالیسی فریم ورک پر بھی اتفاق کیا۔

فیصلہ کیا گیا سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو یورپ سے پاکستان واپس لایا جائےگا ، قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، 4ملکی اجلاس آئندہ پاکستان میں ہوگا،محسن نقوی نے اٹلی کی جانب سے 10 ہزار 500 ملازمتیں مختص کیے جانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا یورپی ممالک نقل مکانی کے خواہش مند افراد کےلئے ریگلولر طریقوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ غیرقانونی آمد کی حوصلہ شکنی ہو سکے، یونان اور سپین کے وزرا نے یقین دہانی کرائی وہ پاکستانیوں کو ملازمتوں کے مواقع دیں گے۔