پاکستانی سیا سی و عسکری قیادت اور عوام مظلوم کشمیریوں کی مدد کیلئے یک زبان اور متحد ہیں:سول بیورویٹس

لاہور(قاضی ندیم اقبال) کشمیریوں کی جدو جہد بلا جواز نہیں، پاکستان کی سیا سی و عسکری قیادت اور عوام مظلوم کشمیریوں کی مدد کیلئے یک زبان اور متحد ہیں۔ گذشتہ برسوں کی طرح مملکت خداداد پاکستان کی سیا سی، عسکری قیادت کے علاوہ ملک بھر کے باسیوں نے بھارت سمیت تمام اقوام عالم کو از سر نوباور کروایا ہے کہ کشمیر پاکستان کا جزو ہے۔عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے خاتمے میں کردار ادا کرے۔اس امر کا اظہار وفاق اورپنجاب میں مختلف عہدوں پر تعینات اہم ترین سول بیوروکریٹس نے ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔وفاقی سیکرٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر جو ظلم و تشدد کر رہی ہے، اسے اقوام عالم کے سامنے حکومت پاکستان کی جانب سے وقتا فوقتا بخونی لایا جاتاہے۔بلا شبہ حکومت پاکستان کی جانب سے اقوام عالم کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ بخوبی لڑ ا جا رہا ہے۔ آ ج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے۔بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔کشمیری دہائیوں سے بھارتی ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔بھارتی جبر سے نبرد آزماکشمیریوں بہن بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس جدودجہد میں کشمیری اکیلے نہیں، ہم سب پاکستانی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔کمشنر فیصل آباد ڈویژن محمد جہانگیر نے” مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ سے اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں۔ مرد، خواتین، بوڑھے، بچے اور بیمار حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے۔کشمیر پاکستان کا جزوِ لازم ہے،ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم بارے عالمی برادری کو باور کروانے کیلئے ہم سبھی اکٹھے ہیں۔پاکستان بھر سے پوری دنیا کو یہ پیغام جارہا ہے کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کسی صورت قبول نہیں۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ایڈوائزر انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ، محتسب پنجاب عارف انور بلوچ نے ”مشرق“ سے گفتگو میں کہا کہ جو قومیں تاریخ کو بھول جاتی ہیں ان کا جغرافیہ بدلتے دیر نہیں لگتی، اس لئے ضروری ہے کہ ہمیں یہ پتہ ہو کہ یہ مسئلہ شروع کب اور کس وجہ سے ہوا، کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم پوائنٹ ریڈ کلف لائن کا گرداس پور پنجاب کو ہندوستان میں شامل کر دینا تھا، جو ہندوستان کیلئے کشمیر کا راستہ بنا۔ کشمیری ہمارے مسلمان بہن بھائی ہیں ہم دل وجان سے انہیں چاہتے ہیں مودی سرکار کا آرایس ایس ایجنڈا پوری دنیا کے سامنے آچکا ہے پوری دنیا دیکھ رہی ہے انڈیا ہیومن رائٹس کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اب تک ہزاروں جانیں قربان کی جا چکی ہیں۔کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اور ہر محاذ پر ان کا ساتھ دیں گے۔چیف انجینئر ترقیاتی ادارہ لاہور اسرار سعید خان نے”مشرق“ سے گفتگومیں قرار دیا کہ نریندرمودی کے ناپاک عزائم نے کشمیریوں پر زمین تنگ کردی ہے۔ کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کردیا گیاہے۔ کشمیریوں سے آزادی سے جینے کا حق چھین لیا گیاہے۔مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سبھی کے سامنے ہے۔بھارتی مسلح افواج کشمیر میں ریاستی جبر اور جارحیت مسلط کئے ہوئے ہیں۔کشمیریوں کے حقوق غصب کرکے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جارہا ہے۔ آج 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرپوری پاکستانی قوم نے ثابت کیا ہے کہ وہ سیا سی، ذاتی، اجتماعی، گروہی، نظریاتی اختلافات سے بالا تر ہو کر مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر یکسو ہے اور اس حوالے سے سبھی کا ویژن بڑا کلیئر ہے۔