اسلام آباد دھماکے پر عالمی برادری بھی سوگوار،پیوٹن کا صدر،وزیراعظم کو تعزیتی خط


اسلام آباد،کابل،ماسکو:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امریکہ،برطانیہ، ایران ،آسٹریلیا ،افغانستان ودیگر ممالک کی اسلام آباد خودکش حملے کی مذمت،پاکستان کےساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا دھماکے میں بےگناہ نمازی جاں بحق ،امریکہ ہر قسم کی دہشتگردی ،تشدد کی مذمت کرتا ہے،حملے میں زخمی ،جاں بحق ہونےوالوں کے اہلخانہ ،عزیز و اقارب سے دلی تعزیت ،ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں،دہشتگردی ناقابل قبول ، پاکستانی عوام حفاظت اور وقار کےساتھ خوف کے بغیر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے حقدار ہیں۔

،نیٹلی بیکر نے کہا امریکہ امن و سلامتی کے فروغ کےلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ، استحکام کےلئے اپنی شراکت داری پر قائم ،مشکل وقت میں پاکستان کےساتھ کھڑے ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا نماز جمعہ میں ہونےوالے خوفناک حملے پر شدید غم و غصہ ہے،دہشتگرد حملے سے دل ٹوٹ گیا ،دعائیں جاں بحق و زخمی افراد کےساتھ ہیں،برطانیہ مشکل وقت میں پاکستان کےساتھ کھڑا ہے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہاگھناونے حملے کے نتیجے میں درجنوں بےگناہ شہری شہید و زخمی ہوئے،حکومت پاکستان، عوامِ بالخصوص سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی ،زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کےلئے دعاگو ہیں۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا امام بارگاہ میں ہونے والے ہولناک حملے سے شدید صدمہ ، افسوس ہوا،ہمدردیاں متاثرین، اہل خانہ کےساتھ ہیں، مشکل گھڑی میں آسٹریلیا پاکستان کےساتھ کھڑا اور سوگ میں شریک ہے۔

ترجمان افغان وزارت خارجہ عبدالقہار بلخی نے کہا حملے مقدس شعائر اور مساجد کے تقدس کو پامال کرتے ہیں،امارت اسلامیہ افغانستان ایسے نوعیت کے حملوں کو اسلامی و انسانی اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے،شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت ،زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا گو ہیں۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے صدر ،وزیر اعظم کوتعزیتی خط لکھ کراظہار افسوس کیا ، پیوٹن نے کہا معصوم شہریوں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے ،ہمدردیاں متاثرین کےساتھ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا گوہیں۔