بسنت میلہ شروع،رنگ برنگی پتنگوں کی بہار،ہر طرف بوکاٹا

لاہور:(رپورٹنگ ٹیم)بسنت میلہ شروع،رنگ برنگی پتنگوں کی بہار،ٹرانسپورٹ فری،اشتعال انگیزی روکنے کیلئے مختلف پابندیاں نافذ ،صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کر دی۔

رات 12بجتے ہی شہریوں نے چھتوں پر محاذ سنبھال لیے،ہلہ گلہ،لائٹنگ کاخصوصی انتظام،ڈھول کی تھاپ پر دھوم دھڑکا،ہر طرف بوکاٹا کی آوازیں ،باربی کیو کی دعوتیں،مرکزی تقریب میں گلوکاروں نے شاندار پرفارمنس سے دل موہ لیے،بسنت کاتہوار اتوار تک جاری رہے گا۔

حکومت نے محفوظ بسنت کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے،اشتعال انگیزی روکنے کیلئے دفعہ 144، پتنگوں پر مقدس کتب، مذہبی مقامات یا کسی شخصیت کی تصویر لگانے سمیت متعدد پابندیاں نافذ کردی گئیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا حکومت نے بسنت کے دوران امن عامہ برقرار رکھنے اور عوام کے مذہبی جذبات کے احترام کیلئے پابندیاں عائد کیں،کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دھاتی تار ، نائلون ڈور کا استعمال ممنوع،موٹر سائیکل پر سیفٹی راڈ کا استعمال لازم ہے،قانون کی خلاف ورزی ،ہوائی فائرنگ ،اسلحہ کی نمائش پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

ادھر پولیس نے کڑی نظر رکھنے کیلئے کنٹرول روم قائم، جدید آلات و اضافی نفری تعینات کر دی ،مانیٹرنگ کو مزید موثر بنانے کیلئے 70تھرمل ڈرونز، 150دوربینز، 100میگا فونز، سرچ لائٹس اور سیڑھیاں فراہم کر دی گئیں،ڈور، پتنگ اور چھتوں پر ہونے والی ہلہ گلہ سرگرمیوں کی نگرانی ہوگی۔

حکام نے کہامیگا فونز کے ذریعے شہریوں کو مسلسل آگاہی پیغامات دئیے جائیں گے تاکہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی سے بروقت روکا جا سکے،3روزہ بسنت کے دوران 10ہزار سے زائد افسر و اہلکار 3شفٹوں میںذمہ داریاں انجام دیں گے،مزید برآںبسنت پر لاہور میں تقریباً 5لاکھ سے زائد گاڑیوں کے داخلے کا امکان ہے ،پٹرولنگ ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ،10ہزار پولیس اہلکار،2500ٹریفک وارڈنز تعینات ہوں گے۔

علاوہ ازیں ایدھی فائونڈیشن لاہور نے 3روزہ بسنت فیسٹیول کے باعث ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے شہر بھر کے مختلف اہم مقامات پر ایدھی ایمبولینسز ، رضاکاروں کو تعینات کر دیاتاکہ کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بسنت کے دوران لاہور و گردونواح میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے،شہر کا درجہ حرارت 20سے 22ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔

ادھر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا بسنت فیسٹیول کے دوران شہری اپنے بچوں ،ماحول کے تحفظ کا خاص خیال رکھیں،کم سے کم گاڑیوں کو سڑکوں پر لائیں اور فری حکومتی ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ آلودگی میں مزید کمی لائی جا سکے،تمام اقدامات کا مقصد بسنت کو محفوظ، منظم اور آلودگی سے پاک ماحول میں منانا ہے۔