لاہور (قاضی ندیم اقبال) متروکہ وقف املاک بورڈ کے زونل و ضلعی افسران نے شعبہ اکاﺅنٹس کے احکامات پر کان دھرنا اور عملدرآمد کرنا بند کر دیا جس کے سبب شعبہ اکاﺅنٹس کوادارہ کی ماہانہ آمدن اور اخراجات کا تعین کرنا دشوار ہو گیا، اور ادارہ میں فنانشل ڈسپلن کی پاسداری کا عمل ناکامی سے دوچار ہونے لگا۔معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر کنٹرولر آف اکاﺅنٹس نے ملک بھر میں تعینات ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز ، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹرز اور ڈائریکٹر دیال سنگھ ٹرسٹ لائبریری کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے معاملات بہتر بنانے ، ماہانہ آمدن و اخراجات کی رپورٹس ہر ماہ کی 5 تاریخ تک اکاﺅنٹس آفس کو ارسال کرنے کی ہدایت کر دی۔ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی آمدن کا سب سے اہم ذریعہ مندروں اور گورودواروں کے نام پر موجود غیر مسلم وقف املاک سے ہونے والی آمدن ہے جس سے محکمہ کے افسروں اور ملازمین کو تنخواہوں و دیگر مراعات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ دیگر اخراجات بھی پورے کئے جاتے ہیں۔ محکمہ کے وسائل کو کنٹرول کرنے کیلئے چیف کنٹرولر آف اکاﺅنٹس اور کنٹرولر آف اکاﺅنٹس کے ساتھ دیگر افسروں اور ملازمین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے تاہم گذشتہ سالوں کے دوران ادارہ میں ایڈمنسٹریشن اور اکاﺅنٹس سیکشن کے ذمہ داران کی جانب سے اپنائی گئی ہمدردانہ ، مفاہمت پسند اور دوستانہ پالیسیوں نے محکمہ میں کام کرنے والے با اثر اور دونوں شعبوں سے قربت کے حامل ملازمین نے محکمانہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کرنا چھوڑ دیا ہے جس کے سبب متروکہ وقف املاک بورڈ کے شعبہ اکاﺅنٹس کو ماہانہ آمدن اور اخراجات کی رپورٹس تیار کرنے اور فنانشل ڈسپلن قائم رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ صورتحال کے تناظر میں احمد نواز کنٹرولر آف اکاﺅنٹس متروکہ وقف املاک بورڈ نے ملک بھر میں تعینات ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز ، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹرز اور ڈائریکٹر دیال سنگھ ٹرسٹ لائبریری کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ زونل/ضلعی افسران اپنے ماہانہ اخراجات کے گوشوارے اور فارم 14 بورڈ آفس میں مقررہ وقت کے اندر جمع نہیں کرا رہے ہیں، بعض صورتوں میں، یہ نوٹ کیا گیا ہے کہ بعض زونل اور ضلعی دفاتر نے گذشتہ مہینے کے ساتھ ساتھ موجودہ مہینے کے گزر جانے کے بعد بھی اپنی رپورٹس جمع کروانے میں دلچسپی نہیں لی۔ اور ان کی جانب سے فرائض میں عدم دلچسپی برتنے کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی جانب سے مطلوبہ معلومات ابھی تک بورڈ آفس کو نہیں بھیجی گئی ہیں۔یہ غفلت مالیاتی انتظام، آڈٹ کے عمل اور بورڈ کی سطح پر کھاتوں کو بروقت حتمی شکل دینے میں شدید رکاوٹ کا باعث بن رہی ہے۔ذرائع کے مطابق کنٹرولر آف اکاﺅنٹس کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلہ میں تمام زونل/ضلعی افسران کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ہر ماہ کے اخراجات کے گوشوارے اور فارم 14 کو اگلے مہینے کی 5 تاریخ تک بورڈ آفس میں جمع کروانے کو یقینی بنائیں۔ مستقبل میں جمع کرانے میں کسی بھی تاخیر کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا اور قابل اطلاق قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی دعوت دے سکتا ہے۔ان ہدایات کے ساتھ سختی سے تعمیل کی ضرورت ہے۔مذکورہ مراسلہ کی کاپی سٹاف آفیسر برائے چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ، اے پی ایس برائے سیکرٹری بورڈ، چیف کنٹرولر آف اکاﺅنٹس و دیگر کو بھی ارسال کی ہے۔
متروکہ وقف املاک، شعبہ اکاﺅنٹس کا ماہانہ آمدن، اخراجات کا تعین کرنا مشکل



















