سانحہ بھاٹی گیٹ کیس،گرفتار ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع
لاہور:(کورٹ رپورٹر)سانحہ بھاٹی کیس میں گرفتار ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں 5روز توسیع ، عدالت نے ملزموں کو 9فروری کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے سماعت کی، جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا 4دن میں کیا تفتیش کی گئی، اپنے گزشتہ حکم میں تفتیش کے نکات واضح طور پر درج کیے پھرکوئی خاطر خواہ پیشرفت سامنے نہیں آئی،2قتل ہوئے ،پولیس آرام سے تفتیش کر کے کچھ بھی نہیں لائی،ذمہ داری واسا کی تھی تو پولیس کو خود تفتیش کر کے عدالت کو آگاہ کرنا چاہیے تھا، صرف خطوط لکھ دینا کافی نہیں اس طرز تفتیش میں تو 14روزہ جسمانی ریمانڈ بھی کم معلوم ہوتا ہے۔
سماعت کے دوران گرفتار ملزم سلمان یاسین کمرہ عدالت میں رو پڑا اور کہا سونے دیا جاتا نہ ہی مناسب جگہ میسر ہے ،تفتیش میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں،بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے 5ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں 5روز توسیع کر دی،سماعت سے قبل مقتولہ کے والد ساجد نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاتاحال کسی قسم کی کوئی رقم یا ایک کروڑ کا چیک نہیں ملا، تاحال شدید صدمے میں ہیں اور پہلی بار عدالت میں طلبی پر حاضر ہوئے۔


















