پنجاب، منظم قبرستانوں کا قیام، توسیع منصوبہ سست روی کا شکار

لاہور (قمر عباس نقوی) شہر خاموشاں اتھارٹی کا پنجاب بھر میں جدید اور منظم قبرستانوں کے قیام اور توسیع منصوبہ مختلف انتظامی اور مالی وجوہات کے باعث سست روی کا شکار ،ڈی جی خان، فیصل آباد، شیخوپورہ، رحیم یار خان اور ساہیوال میں بھی ماڈل قبرستان تعمیر کئے جا رہے ہیں۔حکومت پنجاب کا شہر خاموشاں اتھارٹی کے قیام کا مقصد عوام کو میت کی تدفین تک فری سہولت کی فراہمی ہے۔ اس حوالے سے ابتدائی طور پر سنڈر روڈ رائیونڈ پر قائم کیے جانے والے ماڈل قبرستان میں تدفین سے متعلق جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں انتظار گاہ، وضو کی جگہ، جنازہ گاہ اور ایمبولینس جیسی سہولتیں شامل ہیں جبکہ اس ماڈل قبرستان کو تقریباً 127 کنال رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے اس منصوبہ کو صوبہ بھر میں توسیع سمیت مختلف اضلاع میں ماڈل قبرستانوں کے قیام پر کام جاری ہے اور اس منصوبہ کی موجودہ صورتحال کے مطابق پنجاب حکومت جدید اور منظم قبرستانوں کے قیام کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاہم کئی منصوبے مختلف انتظامی اور مالی وجوہات کے باعث سست روی کا شکار بھی رہے ہیں۔صوبائی حکومت نے آبادی میں اضافے کے پیش نظر دیگر شہروں میں بھی اسی طرز کے قبرستان قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی خان، فیصل آباد، شیخوپورہ، رحیم یار خان اور ساہیوال میں بھی ماڈل قبرستان تعمیر کئے جا رہے ہیں، جس سے اتھارٹی کے دائرہ کار میں مزید توسیع متوقع ہے تاہم بعض منصوبوں میں تاخیر دیکھنے میں آرہی ہے۔ اس میں راولپنڈی میں جدید قبرستان کی تکمیل نہ ہونے کی ایک وجہ یہ رہی کہ حکومت کو لاہور کے ماڈل پر اتھارٹی قائم کرکے تعمیر اور آپریشن کی نگرانی کرنا تھی جبکہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد پرانے قبرستانوں میں نئی قبروں پر پابندی جیسے اقدامات بھی تجویز کئے گئے تھے، ماضی میں ماڈل قبرستانوں کے عملے کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کنٹریکٹس کی تجدید میں تاخیر جیسے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا جس سے انتظامی امور کی انجام دہی میں رکاوٹیں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ حکام کے مطابق شہر خاموشاں اتھارٹی کی توسیع اور منصوبہ جات میں تاخیر کے معاملات کافی حد تک حل کر لئے گئے ہیں شہر خاموشاں اتھارٹی کا مقصد جدید، منظم اور باوقار تدفینی نظام فراہم کرنا ہے اور حکومت اسے دیگر شہروں تک پھیلانے کیلئے کوشاں ہے تاہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے مالی استحکام انتظامی ہم آہنگی اور مستقل نگرانی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔