غزہ،مزید فلسطینی شہید،اسرائیلی اقدامات کشیدگی بڑھائیں گے،مسلم ممالک

غزہ،تل ابیب،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)غزہ میں حملے نہ رکے،خواتین،بچوں سمیت مزید 32فلسطینی شہید ہوگئے۔

اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، خیموں، پناہ گاہوں اور پولیس سٹیشن کو نشانہ بنایا،غزہ شہر کے رمال علاقے میں رہائشی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی، عینی شاہدین کے مطابق 3بچیاں نیند کی حالت میں لقمہ اجل بنیں اور لاشیں سڑک پر ملیں۔

ادھر اسرائیل نے 2برس بعد غزہ ،مصر کے درمیان واقع رفح سرحدی گزرگاہ کو محدود سطح پر دوبارہ کھول دیا ،اسرائیلی میڈیا کے مطابق اقدام کو ”پائلٹ آپریشن“ قرار دیا جا رہا ہے، لوگوں کی باقاعدہ آمد و رفت پیر سے شروع ہوگی۔

دوسری جانب8مسلم ممالک پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہاغزہ میںجنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں، ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے، اسرائیلی اقدامات کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں، صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کےلئے وابستگی ضروری ہے۔

مسلم ممالک نے مزید کہا تمام فریقین نازک مرحلے میں اپنی ذمہ داریاں مکمل طور پر نبھائیں ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے جو موجودہ عمل کو نقصان پہنچا سکتا ہو، دیرپا امن فلسطینی عوام کے حق خودارادیت ، ریاستی حیثیت ،اقوام متحدہ قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق ہونا چاہئے۔