افسران عوامی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں: کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری اور سسٹم کی خامیاں دور کرکے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو چاہیے کہ عوامی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں تاکہ انہیں باربار دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو، ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت،ڈی پی او پاکپتن جاوید اقبال چدھڑ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈویژنل و ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اداروں میں موجود بدعنوانی کی شکایات ختم کرنے کے لئے قابل عمل تجاویز دی جائیں تاکہ انہیں دور کر کے ادارہ جاتی بہتری لائی جا سکے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پر زور دیا کہ سرکاری ہسپتالوں کی پارکنگ فیس اور اشیاءخوردونوش کے اوزان کو لازمی چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ سٹینڈز میں اوورچارجنگ اور ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے خلاف زیر وٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاری ترقیاتی کاموں کی بھی نگرانی کی جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ ان منصوبوں سے شہری تادیر مستفید ہوسکیں۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے کسان اتحاد کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں کسانوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے کھاد، بیج اور پانی کی فراہمی سے متعلق مسائل سے کمشنر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کھاد، معیاری بیج اور آبپاشی کے پانی کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان زرعی اجناس کی امپورٹ اور ایکسپورٹ کے حوالے سے جامع لائحہ عمل تیار کر رہی ہے، جس سے کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور زرعی شعبہ مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کسان اتحاد کے وفد کو مکمل یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور حکومت کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ محکمہ زراعت ساہیوال کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

















