معاشی اہداف کے حصول کیلئے حکومت ،ایف پی سی سی آئی میں ایم او یو

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اڑان پاکستان پروگرام ،معاشی اہداف کے حصول کیلئے حکومت اور ایف پی سی سی آئی میں ایم او یو ،وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،عاطف اکرام شیخ نے دستخط کردئیے۔

ایم او یو کے تحت 2047 تک پاکستان کو 3 ٹریلین ڈالر کی اکانومی بنانے کے حکومتی ویژن کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے مل کر کام کیا جائےگا، اڑان پاکستان پروگرام کے تحت ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کیلئے حکومت اور انڈسٹری میں تعاون کو فروغ دیا جائےگا۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا اڑان پاکستان پروگرام معاشی ترقی کا روڈ میپ ،پائیدار ترقی، برآمدات میں اضافے اور معاشی بحالی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے،بزنس کمیونٹی کے تعاون سے حکومت ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال لائی ، معیشت کی پائیدار ترقی صنعتوں کی بحالی پر منحصر ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا معرکہ حق میں اپنے سے 6 گنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی، وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دنیا بھر میں پذیرائی ہو رہی ہے، وزیراعظم کی قیادت میں معاشی استحکام آ چکا اب معاشی ترقی کی طرف جانا ہے،انڈسٹری کی بحالی کیلئے مزید اقدامات اٹھانا ہوں گے، بجلی 8 سینٹ فی یونٹ، ٹیکسز میں کمی، شرح سود کو 7 فیصد پر لایا جانا چاہئے۔

وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا یا،مزید چند ہفتے گزر جاتے تو ملک ایکسٹرنل طور پر بھی ڈیفالٹ کر جاتا، معیشت کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کراستحکام کی طرف لے آئے ،دنیا کے تمام بڑے ادارے معاشی بحالی کا اعتراف کر رہے ہیں،ملکی ترقی،آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔

احسن اقبال نے کہا پاکستان کے ہر ضلع کا الگ الگ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ پلان تشکیل دیا جائےگا، پاک فوج نے معرکہ حق جیت کر دیدیا اب معرکہ ترقی جیتنا ہے،ملک کو سیاسی نہیں اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، فتنہ ،فساد کی سیاست کرنےوالوں کو رد کرنا ہو گا۔