سپرٹیکس درست،پارلیمنٹ کو اختیارحاصل ہے،وفاقی آئینی عدالت
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)تمام درخواستیں خارج، ہائیکورٹس کے فیصلے جزوی کالعدم،سپرٹیکس درست،پارلیمنٹ کو اختیارحاصل ہے،وفاقی آئینی عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔
امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی،چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہاکیس کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات مسترد کیے جاتے ہیں، انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 4 بی 2015 سے برقرار رکھی جائے گی،پارلیمنٹ قانون سازی کے ذریعے لیوی ٹیکس عائد کرنے کی مجاز ہے،آئل اینڈ گیس سیکٹر انفرادی طور پر رعایت کے حصول کےلئے متعلقہ ٹیکس کمشنر سے رجوع کرے۔
فیصلے میں کہا گیا ہائی کورٹس کے سیکشن 4 سی پر فیصلے جزوی طور پر کالعدم قرار دئیے جاتے ہیں،مضاربہ، میوچل ، بینولیٹ فنڈز پر ٹیکس کا اطلاق نہیں ہو گا،مختلف سیکٹرز کیلئے الگ قانونی رعایتیں برقرار رہیں گی،فیصلے سے وفاقی حکومت کو 300ارب سے زائد کا فائدہ ہو گا،قانونی ابہام ختم ،حکومت کے موقف کو آئینی جواز مل گیا،قبل ازیںمختلف کمپنیوں کے وکیل مخدوم علی خان نے جواب الجواب دلائل مکمل کیے۔
علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت نے پنجاب میں کانسٹیبل کی بھرتی پراہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری ،آئی جی کو 90 سال پرانے پولیس میڈیکل رولز پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہاپولیس رولز 1934 کے تحت بھرتی کے وقت طبی معائنہ سخت ہونا ضروری ، جدید طبی سائنس و ٹیکنالوجی کی روشنی میں بینائی قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے،اسسمنٹ بورڈ امیدوار کی بینائی کا دوبارہ جائزہ لے۔
عدالت نے امیدوار کو معذوری کوٹے یا دفتری کام کےلئے ایڈجسٹ کرنے پر غور کرنے کی تجویز دیتے ہوئے معیار پر پورا نہ اترنے والے امیدوار کی اپیل خارج کر دی،وفاقی آئینی عدالت نے کہا پولیس فورس میں بھرتی کےلئے طبی موزونیت ،فٹنس لازمی شرط ہے، امیدوار کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6 دوسری کی معیار سے کم پائی گئی،طبی ماہرین نے امیدوار کو پولیس کی فیلڈ ڈیوٹی کےلئے غیر موزوں قرار دیا تھا۔



















