سانحہ گل پلازہ،شہدا کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ فی کس امداد
کراچی: (بیورورپورٹ)سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس دینے کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونےوالے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا سانحہ گل پلازہ میں متاثر ہونے والے دکانداروں کو 5،5لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کےلئے کمشنر کے ذریعے ادا کیے جا رہے ہیں،سندھ کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کو ایک ایک کروڑ روپے بلاسود قرض فراہم کرنے کی منظوری دی، وزیراعلی ٰمراد علی شاہ نے کہا متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم کردی گئی، سب کمیٹی میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ضیا الحسن لنجار شامل ہیں،سب کمیٹی کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے گی، سب کمیٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی اور لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی، قرضہ دکانداروں کے دوبارہ کاروبار شروع کرنے کےلئے دیا جا رہا ہے، ایک کروڑ روپے پر واجب الادا سود حکومت سندھ ادا کرے گی۔
مزید بر آں سندھ اسمبلی کا اجلاس سانحہ گل پلازہ پر اپوزیشن کے بھرپور احتجاج کے باعث مختصر کارروائی کے بعد ملتوی کردیا گیا،ایم کیو ایم کے ارکان نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے کھڑ ے ہو کر شدید نعرے بازی کی اور ایوان ”قاتل قاتل سی ایم قاتل “ اور” جوڈیشل کمیشن قائم کرو “ کے نعروں سے گونجتا رہا۔



















