وزیراعظم بھی غیر قانونی احکامات دےں تو سول سرونٹس ماننے کے پابند نہیں، سپریم کورٹ
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے وزیراعظم بھی غیر قانونی احکامات دےں تو سول سرونٹس ماننے کے پابند نہیں۔
سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ نے او جی ڈی سی ایل میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس پر سماعت کی،نیب وکیل نے بتایا او جی ڈی سی ایل میں اوور سٹاف بھرتیاں کی گئیں، سابق وزیر انور سیف کی جانب سے چیئرمین او جی سی ایل کو تقرری لیٹرز جاری کرنے کا کہا گیا، نوکریوں کے اپوائنٹمنٹ لیٹر بھی وفاقی وزیر کے آفس بھجوائے گئے، بھرتیوں کا طریقہ کار اشتہار کے ذریعے ہونا چاہیے تھا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا ہر سرکاری ادارے میں اوور بھرتیاں ہیں، وزیر اعظم بھی اگر غیر قانونی احکامات دےں تو سول سرونٹس ماننے کے پابند نہیں ،نیب وکیل نے کہا سول سرونٹ احکامات ماننے سے انکار کرے تو عذاب آجانا ہے،جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے بادشاہ تو نہیں، بس آرڈر کر دیا، ہر سرکاری ادارے میں اوور سٹاف بھرتیاں ہیں، جسٹس صلاح الدین پنور نے کہا وزرا سے عوام نوکریاں تو مانگتے ہیں۔
سماعت کے دوران بتایا گیا پی آئی اے میں اوور بھرتیوں کی وجہ سے نجکاری کرنا پڑی،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا متعلقہ وفاقی وزیر سزا تو بھگت چکے ، جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے سزا کا ایک داغ تو ہے اور پوچھا کیا اتنا کافی نہیں وزیر نے سزا پوری کر لی ،نیب وکیل نے عدالت سے درخواست کی نظرثانی خارج کرکے اصل فیصلہ برقرار رکھا جائے ،عدالت عظمیٰ نے سابق وزیر کی نظر ثانی درخواست پر وکلا کو تیاری کی ہدایت کردی۔

















