پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر کے اعتراض کردہ متعدد بل منظور

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر کے اعتراض کردہ متعدد بل منظور،اپوزیشن کا شدید احتجاج،ہنگامہ آرائی،سپیکر ڈائس کا گھیراو کرکے نعرے بازی کی گئی۔

سپیکر سردار ایازصادق کی زیر صدارت ہونےوالے مشترکہ اجلاس میںصدر مملکت کی جانب سے اعتراضات کے باوجود متعدد بلز منظور کرلیے گئے،قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ایکٹ 2025، گھریلو تشدد کی روک تھام اوردانش سکولزاتھارٹی ترمیمی بل شامل ہیں،جے یو آئی کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم مسترد کر دی گئیں۔

بل کے تحت دانش سکولز کے نظم و نسق کےلئے دانش سکولز اتھارٹی قائم کی جائےگی، ایکٹ کا اطلاق اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پرہوگا، قانون فوری طور پر نافذ العمل ،کم آمدن والے گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی، دانش سکولز اتھارٹی کے چیئرمین وزیراعظم ہوں گے ،متعلقہ وفاقی وزیر کو اتھارٹی کا وائس چیئرمین مقرر کیا جائے گا۔

جے یو آئی سینیٹر کامران مرتضیٰ نے صدر مملکت کی جانب سے صوبوں کو اعتماد میں لینے کی ایڈوائس ایوان پڑھ کر سناتے ہوئے کہامشاورت کو نظر انداز کرکے وفاق صوبوں کی حدود میں مداخلت کر رہا ہے،سپیکر نے اپوزیشن کے اعتراضات کو نظرانداز کرتے ہوئے بلوں کی منظوری کا عمل شروع کیا تواپوزیشن اراکین نے سپیکر ڈائس کاگھیراﺅکرکے شدید احتجاج ،ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے دہشتگرد ،دہشتگرد نامنظور سمیت متعدد نعرے لگائے،احتجاج ،ہنگامہ آرائی کے باوجود پارلیمنٹ نے دانش سکولز اتھارٹی بل کی منظوری دےدی۔

بیوی کو گھورنا، طلاق یا دوسری شادی کی دھمکی دینا جرم ہوگا،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ڈومیسٹک وائلس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) ایکٹ 2026 بھی منظور کرلیا گیا ،اطلاق اسلام آباد پرہوگا،ایکٹ 2026 کا اطلاق بیوی، بچوں، بزرگ افراد، لے پالک، ٹرانس جینڈر اور گھر میں ایک ساتھ رہنے والے افراد پر ہوگا،بیوی، بچوں یا گھر میں رہنے والے دیگر افراد کو گالی دینا، جذباتی یا نفسیاتی طور پر پریشان کرنا جرم ،مرتکب افراد پر3 سال قید،ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔

ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ 2026 میں بیوی، بچوں کے علاوہ گھر میں معذور افراد یا بزرگ افراد کا تعاقب کرنا ،بیوی کو مرضی کے بغیر گھر میں دیگر افراد کےساتھ رکھنا، خاندان کے افراد کی پرائیویسی یا عزت نفس مجروح کرنا بھی جرم قرار دےدیا گیا۔

ایکٹ کے مطابق بیوی یا گھر میں رہنے والے دیگر افراد کو جسمانی تکلیف پہنچانے کی دھمکی، گھر میں ایک ساتھ رہنے والے کسی بھی فریق پر الزام لگانے، بیوی بچوں یا گھر میں رہنے والے دیگر فریق کا خیال نہ رکھنا قابل سزا جرم ہے،ڈومیسٹک وائلینس ایکٹ میں جنسی استحصال کے ساتھ معاشی استحصال بھی شامل ہے ،جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید 6 ماہ کی قید ہوگی۔

گھریلو تشدد کا شکار مردوں کو بھی خواتین اور بچوں کے برابر حق مل گیا،گھریلو تشدد سے تحفظ کے بل میںترامیم سے اب مردوں کےساتھ مار پیٹ پر خواتین کےخلاف قانونی کارروائی ہو سکے گی۔

دریں اثنا مشترکہ اجلاس میں ایم کیو ایم کی جانب سے سانحہ گل پلازہ پر متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی،قرارداد کے مطابق ایوان گل پلازہ میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت ،متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، مستقبل میںآگ سے بچاو کے انتظامات ،سانحہ کے متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔

سینٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہادنیاحساس موڑ سے گزر رہی ، غزہ کے لوگ اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، عالمی عدالت انصاف نے نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دیا جو کام نیتن یاہو نہ کر سکا وہ اب پیس بورڈ کے نام پر شروع کردیا گیا، نیتن یاہو آئے دن حملے اور قبضے کر رہا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا اتفاق رائے کے بغیر پیس بورڈ کا حصہ بن گئے،پیس بورڈ میں فلسطینیوں کی نمائندگی نہیں ، نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دیں تو عزت میں اضافہ ہوگا، نہیں پتہ پیس بورڈ کے نکات کیا ہیں، پیس بورڈ کو قبضہ بورڈ کہتے ہیں، بورڈ کےخلاف قرارداد منظور کرنی چاہیے، عزت ، وقار اور غیرت و حمیت کا مسئلہ ہے، بعد ازاں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔