23 ماہ میں 10 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کردیا، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے فروری 2024 سے اب تک پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 94 ہزار 36 روزگار کے مواقع پیدا کیے جا چکے ، 3 لاکھ 15 ہزار 536 نوکریاں باقاعدہ سرکاری بھرتیوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور سروسز میں توسیع کے ذریعے پیدا کی گئیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا ہیلتھ کلینکس، سکولز، ستھرا پنجاب سمیت دیگر منصوبوں سے نوکریاں دی گئیں، 2 لاکھ 3 ہزار روزگار کے مواقع آسان کاروبار اقدامات کے تحت ایس ایم ای فنانسنگ کے ذریعے فراہم کیے گئے، 4 لاکھ 75 ہزار 500 بالواسطہ اور بلاواسطہ پیدا ہونے والی نوکریاں اپنی چھت اپنا گھر، سڑکوں اور دیگر تعمیراتی منصوبوں سے وابستہ ہیں، حکومت پنجاب غربت کے خاتمے، جامع معاشی ترقی اور پائیدار روزگار کی فراہمی کے عزم پر ثابت قدم ہے۔