انسانیت کی خدمت کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کا کردار بہت اہم ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے پرائیویٹ نرسنگ کالجز کے نمائندوں نے انکے آفس میں ملاقات کی جس میں پرائیویٹ کالجز کے گورنمنٹ سیکٹر سے الحاق کے معاملات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ شعبہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور انسانیت کی خدمت کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ کمشنر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری اقدامات کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کا تعاون بھی ضروری ہے تاکہ صحت کے شعبے میں بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پرائیویٹ نرسنگ کالجز حکومت کے ساتھ مل کر طلباءکو اعلیٰ معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کرنے میں سرگرم ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل سے بنک آف پنجاب کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی، جس میں ساہیوال بورڈ کے طلباءکو بہترین سہولیات کی فراہمی پر بات کی گئی۔ بنک آف پنجاب کے نمائندوں نے فیسوں اور چالان کی ادائیگی میں طلباءکو سہولت دینے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ انہیں زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے اور مالی معاملات میں آسانی ہو۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ طلباءکی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے اور انہیں بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان ملاقاتوں میں حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ دریں اثناءکمشنر/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے میونسپل کارپوریشن کی یونین کونسل نمبر 4، 5،،6،7،8،10،11،اور 12 کو جانوروں کے لئے ممنوعہ زون قرار دے دیا۔ ان علاقوں میں مویشیوں جن میں بھینسیں، گائیں، بیل اور دیگر جانور رکھنے، باندھنے یا بٹھانے کی سختی سے ممانعت ہوگی۔ ان علاقوں میں یونین کونسل نمبر 4 کے علاقے طارق بن زیاد کالونی، بلال کالونی، مدینہ کالونی اور اسلام نگر عیسیٰ نگری یونین کونسل نمبر 5 کے فتح شیر کالونی، پرانی بکر منڈی، گجر احاطہ، فیض آباد، گلستان کالونی، کرسچن کالونی، کربلا روڈ اور موکل کالونی، یونین کونسل نمبر 6 کے بلال گنج، محلہ عید گاہ، فرید گنج، مسلم آباد اور اولڈ سول لائن، یونین کونسل نمبر 7 کے سلامت پورہ، نور پارک، گارڈن ٹاﺅن، گرین ٹاون اور احمد پارک، یونین کونسل نمبر 8 کے شادمان ٹاﺅن، شجاع ٹاﺅن، دبئی گارڈن، محمد پورہ، غلہ منڈی، ڈسپنسری روڈ، پیپلز کالونی، گﺅشالہ اور سرکی بازار، یونین کونسل نمبر 10 کے دسہرا گراونڈ، دستگیر کالونی، قائد اعظم کالونی، مدینہ کالونی، گنج شکر کالونی، رامے ٹاﺅن، سکیم نمبر دو آفیسر کالونی، یونین کونسل نمبر 11 کے جہاز گراونڈ، امامیہ کالونی، اماتو کالونی، 3 مرلہ سکیم، بحریہ کالونی، اوڈ کالونی اور سمال انڈسٹریل سٹیٹ اور یونین کونسل نمبر 12 کے فرید ٹاﺅن، سکیم نمبر 3 اور نواب ٹاون کے علاقے شامل ہیں۔ ممنوعہ زون میں مویشیوں کی موجودگی کی صورت میں ان ضبط کر کے میونسپل کارپوریشن کے مویشی باڑے میں منتقل کر دیا جائے گا اور مالکان پر جرمانہ کیا جائے گا۔