سانحہ گل پلازہ،اموات80،آگ ماچس یا لائٹر سے لگی، ابتدائی رپورٹ تیار


کراچی:(بیورورپورٹ)گل پلازہ میں آگ شارٹ سرکٹ نہیں، ماچس یا لائٹر سے لگی، تحقیقاتی حکام نے عینی شاہدین ،متاثرین کے بیانات کی مدد سے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق گل پلازہ میں آگ مصنوعی پھولوں کی دکان میں لگی،ممکنہ طور پر بچے دکان میں ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے،سامان میں لگنے والی آگ بجلی کی تاروں میں پھیلی،آگ لگتے ہی افراد خارجی راستوں کی طرف بھاگے، عمارت کے دروازے بند ہونے سے بھگدڑ مچی،آگ لگنے سے عمارت میں موجود سی سی ٹی وی سسٹم مکمل طور پر متاثر ہوا۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید کھوسو نے کہا تقریباً80افراد جاں بحق ،86افراد لاپتہ ہیں،عمارت کی حالت بہت خراب ،کسی بھی وقت گرسکتی ہے،عوام سوشل میڈیا کی خبروں پر بھروسہ نہ کریں، جیسے جیسے تحقیقات آگے بڑھے گی آگاہ کیا جائےگا، اتنی بڑی آگ ہے، صرف شارٹ سرکٹ کا کہہ کر نہیں چھوڑ سکتے مکمل تحقیقات ہوں گی۔

جاوید کھوسو نے کہا غفلت برتنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روکدیا، ملبے کے باعث عمارت کے گرنے والے حصوں میں سرچنگ نہیں کی جاسکتی، ملبہ ہٹنے کے بعد گرنے والے حصے میں سرچنگ کا عمل کیا جائےگا،لاشوں ،اہل خانہ کے ڈی این اے سیمپل لیے جارہے ہیں ،چند اعضا کا ڈی این اے مشکل ہے،فائر سیفٹی نہ ہونے پر 6عمارتوں کو نوٹس جاری کردئیے۔

دریں اثناتحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے لاشوں کے سیمپلز کا کیمیکل ایگزامنیشن کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا،عمارت میں کیمیکل کی موجودگی لاشوں کے لیبارٹری ٹیسٹ سے معلوم ہوگی، تحقیقات میں آگ کے تیزی سے پھیلنے کی وجوہات پتہ کی جائیں گی۔