کراچی:(بیورورپورٹ)گل پلازہ سے مزید30لاشیں برآمد،شناخت ناممکن،اموات 60سے متجاوز،لاپتہ افراد کی تعداد86تک جا پہنچی۔
ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا کے مطابق تمام 30 لاشیں کراکری کی دکان سے ملیں،لاشیں سوختہ حالت میں ہیں،آگ لگنے کے بعد لوگوں نے خود کو بچانے کےلئے بندکرلیا تھا،ملبہ ہٹانے کا کام روکدیا۔
کراکری دکان کے مالک سلمان نے کہاخود 14 افراد کی باقیات نکالیں،دکان میں بڑی تعداد میں خواتین و دیگر افراد بھی موجود تھے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے کہا ملبے سے لاشوں کی بجائے انتہائی خراب میں باقیات مل رہی ہیں،ٹوٹی انسانی ہڈیاں ،دانت ملے ، ہڈیاں ٹوٹی ہونے کے باعث ڈی این اے کےلئے سیمپل بھی نہیں لیے جاسکتے، ڈی این اے ٹیسٹ نہ ہونے سے باقیات ورثا کے حوالے کرنے میں شدید مشکلات ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، باریک بینی سے تحقیقات کی جارہی ہیں، ڈمپر غائب ہونے کی اطلاع غلط ہے،ملحقہ رمپا پلازہ کو کچھ نقصان پہنچا لیکن عمارت خطرناک نہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے انتظامیہ و دکان مالکان کو نوٹس جاری کرکے رمپا پلازہ کے خطرناک حصے کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔
ڈی سی ساوتھ جاوید نبی کھوسو نے کہاریسکیو 1122 کو فائنل سرچ کا حکم دےدیا،آخری لاپتہ شخص کے ملنے تک عمارت نہیں گراسکتے،فائنل سرچ کے بعد عمارت کومسمار کیاجائےگا،برابر میں موجود رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کیا ، ایس بی سی اے سے رمپا پلازہ کے نقشے و دیگر چیزیں مانگ لیں،کوشش ہے جلد از جلد لاشوں کی شناخت بھی ممکن ہو۔
ایک اور لاپتہ شہری کے اہلخانہ نے مسنگ پرسنز ڈیسک سے رابطہ کر لیا، 65 سالہ جہانگیر شاہ کے اہل خانہ نے مسنگ پرسنز ڈیسک پر اندراج کرا دیا،لاپتہ شہریوں کی تعداد 86 تک جاپہنچی،لواحقین اپنے پیاروں کیلئے کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔
مزید برآں سانحہ میں جاں بحق مزید 3 افراد کی شناخت کرلی گئی، مجموعی تعداد 11 ہو گئی ،حکام نے تینوں میتیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اہلخانہ کے حوالے کر دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہالاشوں کی شناخت و منتقلی سمیت لواحقین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں، انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں لیکن لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
دریں اثنا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ کمشنر کراچی کو 7فائلیں جمع کرادیں،گل پلازہ کے زیر التوا کورٹ کیسز اور خلاف ضابطہ تعمیرات کی دستاویزات شامل ہیں۔
گل پلازہ ، مزید30لاشیں برآمد،شناخت ناممکن،اموات 60سے متجاوز



















