دہشتگردوں کو بسانا فاش غلطی، پرامن رہنا یا نہیں؟ افغانستان فیصلہ کرلے، شہباز

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے جھوٹ و پروپیگنڈے کی بنیاد پر نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولنے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے دہشتگردوں کو لا کر بسانے کا فیصلہ فاش غلطی تھی ، ملک میں دہشتگردی بڑھنے کی وجہ یہی ہے، سب جانتے ہیں سوات سے سینکڑوں دہشتگردوں کو کس نے رہا کیا، سوشل میڈیا پر شہدا کی توہین کرکے سرحد پاردشمن کی آواز سے آواز ملائی جاتی ہے،کچھ صوبوں نے این ایف سی میں ملنے والے وسائل سے فائدہ اٹھا کر بھرپور ترقی کی ، خیبرپختونخوا میں ترقی نظر نہیں آتی، چاروں صوبوں کی ترقی سے پاکستان آگے بڑھے گا،خیبرپختونخوا کو دہشتگردی سے نمٹنے کےلئے 800ارب دیئے، پاکستان کے اندر اور باہر خارجیوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،افغان عبوری حکومت نے ایک نہیں سنی،پھر سبق سکھایا اب فیصلہ کرلے پرامن ہمسائے کے طور پر رہنا ہے یا نہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی ورکشاپ میں خیبرپختونخوا کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا خیبرپختونخوا پاکستان کا انتہائی اہم و سٹرٹیجک صوبہ،عوام کی غیرت ، جرات و بہادری کو سراہتے ہیں،صوبے نے دہشتگری کےخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں،افغان جنگ کے نتیجے میں جو کچھ ہوا تاریخ کا حصہ و سب کے سامنے ہے ،40 لاکھ پنا ہ گزین ہجرت کرکے آئے تو خیبرپختونخوا ،پاکستان کے عوام نے مہمان نوازی ، میزبانی ،خاطر داری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی ،بطور مسلمان و ہمسایہ فرض تھا لیکن نتیجے میں پاکستان میں کلاشنکوف کلچر آیا اور ملک بھرمیں دہشتگردی نے سر اٹھایا،ہزاروں بےگناہوں نے جام شہادت نوش کیا، خیبرپختونخوا جنگ میں فرنٹ لائن رہا ہے ،سیاستدانوں ،ڈاکٹرز، انجینئرز، پاک فوج ، پولیس اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ، عام شہریوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔

وزیراعظم نے کہا سانحہ اے پی ایس کے بعد سیاسی حکومت نے فیصلہ کیا اب گڈ ،بیڈ طالبان کی کوئی تفریق نہیں ، ایک لاکھ جوانو ں ، افسروں ،عام شہریوں کی قربانیوں کی بدولت دہشتگردی کا خاتمہ ہوا لیکن ناسور نے 2018کے بعد پھر سر کیوں اٹھایا؟،چبھتے سوال کا جواب سب کو معلوم ہے،فاش غلطی تھی، سوات سے سینکڑوں دہشتگردوں کو رہا اور افغانستان سے ہزاروں کو واپس لا کر بسایا گیا اس وجہ سے دہشتگردی دوبارہ شروع ہوئی ،ملکی ترقی و خوشحالی پر وار کیاگیا، ہر روز کہیں نہ کہیں کوئی واقعہ ہوتا ،شہدا کی قربانی کا جتنااحترام کیا جائے کم ہے لیکن سوشل میڈیا پر زہر اگلا جاتا اور شہدا کی توہین کی ناپاک کوشش کرکے سرحد پار دشمنوں کی آواز سے آواز ملائی جاتی اب وقت ہے صورتحال و طرزعمل کا جائزہ لیں،پاکستان کے اندر اور باہر خارجیوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہبازشریف نے کہا2010میں این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے پہل کی اور تمام صوبوں نے ملکر اپنے حصے سے ایک فیصد خیبرپختونخوا کو دہشتگردی کے مقابلے کےلئے دینے کا فیصلہ کیا، 15 برسوں میں 800 ارب روپے دہشتگردی سے نمٹنے کےلئے خیبرپختونخوا کو دیئے گئے سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم نے بلوچستان کی 850کلومیٹر خونی سڑک کےلئے 400 ارب مختص کئے ، بلوچستان سے ایک پائی نہیں مانگی ،صوبے کے کسانوں کےلئے سولر پینلز کی فراہمی کےلئے 75ارب کے منصوبے میں سے 50ارب وفاق نے دیئے ،ٹیوب ویلز چل رہے ہیں، آزاد کشمیر، گلگت میں دانش سکولوں کا جال بچھایا جارہا ہے،طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپس ،وظائف دیئے جارہے ہیں جس کےلئے فنڈ قائم کیا گیا ہے ، لاکھوں طلبہ و طالبات ان سے استفادہ کرکے تعلیمی میدان میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھ رہے ہیں ، ایک ہزار زرعی گریجوایٹس کو زراعت کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کےلئے چین کی اعلیٰ یونیورسٹیوں ،اداروں میں بھجوایا ،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے گریجوایٹس شامل ہیں، تربیت یافتہ افراد زرعی اجناس کی پیداوار بڑھانے ،زرعی انقلاب برپا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شہبازشریف نے کہا باقی صوبوں سے خیبرپختونخوا کی 10سالہ کارکردگی کا موازنہ کریں تو دددھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، این ایف سی ایوارڈ میں چاروں صوبوں کووسائل ملتے ہیں ، کسی نے فائدہ اٹھا کر بھرپور ترقی کی لیکن خیبرپختونخوا میں جو ترقی ہونی چاہیے تھی نظر نہیں آتی، اپنے گریبان میں جھانک کر جواب تلاش کرنا ہوگا،6 مئی کو بھارت نے پاکستان پر جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے بےگناہ پاکستانیوں کو شہید کیا تو بھرپور جواب میں دشمن کے 7 لڑاکا طیارے مار گرائے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملنے والا سبق دشمن کو ہمیشہ یاد رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا معرکہ حق میں فتح کے بعد گرین پاسپورٹ کو اب دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ،ملک میں معاشی استحکام آگیا ،پائیدار ترقی کےلئے اقدامات کررہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب محنت، امانت ، دیانت ، ٹیم ورک کے ذریعے پاکستان کو اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام دلائیں گے،افغانستان ہمسایہ ملک ،ایک دوسرے کےساتھ جڑے ہوئے ہیں،افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف دہشت گردی ہورہی ہے ، دوحہ ، چین میں افغان عبوری حکومت کےساتھ بات چیت ہوئی، ٹی ٹی پی ، بی ایل اے سمیت بھارتی آشیر باد سے کام کرنے والی پراکسیز کی کارروائیاں روکنے پر زور دیا لیکن کوئی مثبت جواب نہیں دیاگیا،کوئی بات نہ ماننے پرسبق سکھایا، ٹرانزٹ ٹریڈ بند کرنے کیلئے مجبور کیاگیا۔

شہبازشریف نے کہا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ادویات اور ضروری سامان نہیں روکا اب افغان عبوری حکومت پر ہے پرامن ہمسائے کے طور پر رہنا چاہتے ہیں یا نہیں،وفاق ،خیبرپختونخوا میں سرد جنگ کا تاثر درست نہیں ، سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ بننے کے فوری بعد فون کرکے مبارکباد دی ،نیک خواہشات کا اظہار کیا لیکن مثبت جواب نہیں ملا،چترال میں دانش سکول کا سنگ بنیادرکھنے کے موقع پر میں نے پھر مل بیٹھ کر بات کرنے کی دعوت دی لیکن بدقسمتی سے جھوٹ ،پروپیگنڈے کی بنیاد پر نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولا گیا،خیبرپختونخوا سمیت چاروں صوبوں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کررہے ہیں ،مختلف پروگرام شروع کئے گئے،چند روز قبل وزیراعظم صحت پروگرام کا دوبارہ اجرا کیا گیا ،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے عوام کے مفت علاج کےلئے 40 ارب فراہم کریں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کی سالانہ کانفرنس 2026 میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ چلے گئے، دورے کے دوران اہم سفارتی ، اقتصادی مصروفیات ہوں گی، شہباز شریف مختلف سربراہان مملکت و حکومت اور بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔