سانحہ گل پلازہ پرہر آنکھ اشکبار،ہلاکتیں 27،83بدستور لاپتہ


کراچی: (بیورورپورٹ) سانحہ گل پلازہ پرہر اشکبار،ہلاکتیں 27،20کی شناخت،83بدستور لاپتہ،لواحقین کسی معجزے کے منتظر ہیں۔

پلازے سے متصل بلڈنگ کے 2پلر ٹوٹ گئے، عمارت کا باقی ڈھانچہ کسی بھی وقت گرنے کا خطرہ ہے، ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ عمارت کے بیشتر حصوں میں داخل ہوکر سرچ آپریشن شروع کردیا،دھوئیں ،تپش کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ ا۔

عمارت کی چھت سے اتاری جانے والی گاڑیاں محفوظ حالت میں مالکان کے حوالے کر دی گئیں،گل پلازہ کے ملبے سے انسانی اعضا بھی ملے،ڈپٹی کمشنر ساوتھ کے مطابق 20 نعشوں کی شناخت کر لی گئی،ناقابل شناخت نعشیں ایدھی سرد خانے منتقل کر دی گئیں،لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے سیمپل جمع کرا دیئے، پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے کہا نعشوں کی شناخت ڈی این اے کراس میچنگ کے ذریعے کی جائےگی۔

چیف فائر افسر ہمایوں خان نے کہا ملبہ بہت زیادہ ، اٹھانے میں 10 روز لگ سکتے ہیں،سب سے پہلے فرنٹ کی دکانوں میں آگ بجھائی،محدود وسائل میں بروقت امدادی کارروائی کر رہے ہیں، گراونڈ فلور کلیئر کردیا،عینی شاہد دکاندار زبیر نے انکشافات کئے گل پلازہ کے صرف 2 گیٹ کھلے تھے، آگ بہت تیزی سے پھیلی، پوری مارکیٹ میں دھواں بھر گیا، سانس لینا بھی مشکل تھا،کزن سمیت بہت سے لوگوں کو خود عمارت سے باہر نکالا، دوسرے کزن کا کچھ پتہ نہیں چل رہا، کم ازکم نعشیں ہی مل جائیں تاکہ تدفین کر سکیں۔

دریں اثنا حکام کی رپورٹ کے مطابق آگ سے نمٹنے کے حفاظتی انتظامات ،ہنگامی اخراج کا کوئی مناسب راستہ موجود نہیں تھا، تنگ راستوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آئیں،500دکانوں کی گنجائش والی عمارت میں 1200دکانیں بنائی گئیں،علاوہ ازیںپیاروں کو ڈھونڈنے کیلئے آنے والے شدید کرب میں مبتلا ہیں،اپنوں کو ڈھونڈنے والے بے بسی کی تصویر بن گئے۔