سینٹ میں بھی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ علامہ راجہ ناصر عباس اپوزیشن لیڈر مقرر

اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ)سینٹ میں بھی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اپوزیشن لیڈر مقرر،چیئرمین کی منظوری کے بعد سیکرٹری سینٹ حفیظ شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا راجہ ناصر عباس کو 32 میں سے 22 اراکین اپوزیشن سینٹ کی حمایت حاصل ہے، قائد حزب اختلاف کو ڈکلیئر کرنے کا اختیار چیئرمین سینٹ کو ہے، علامہ راجہ ناصر عباس کو لیڈر آف اپوزیشن ڈکلیئر کرتا ہوں،قائد حزب اختلاف کے نوٹیفکیشن کا معاملہ سینٹ سیکرٹریٹ میں رہا، تاخیر عدالتی پروسیجر کے باعث تھی اب میں رولز کے مطابق عمل کروں گا۔

اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے کے بعد علامہ راجہ ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہر اچھے کام میں حکومت کا ساتھ دیں گے،حکومت بھی بےگناہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے عام معافی کا اعلان کرے،پارلیمنٹ کو سیاسی قیدیوں کیلئے آواز اٹھانی چاہیے، کوشش کریں گے ایوان بالا عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے میں کامیاب ہو، کوشش کریں گے سینٹ میں ایسی قانون سازی ہوجس سے عام لوگوں کوفائدہ ہو۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہاٹرمپ کہتے ہیں ایران پر حملہ کروں گا، تم ہو کون؟ ایران کےساتھ بیٹھنا چاہیے، پاکستان کی بطور ہمسایہ ذمہ داری ہے او آئی سی کا اجلاس بلائے،چین، روس اور سعودی عرب کو بھی بلائیں، کہیں کسی ملک کو خطے پر حملہ نہیں کرنے دیں گے، جرگہ ہوا، تمام قبائلی موجود تھے، متفقہ فیصلہ تھا آپریشن نہیں ہونا چاہیے، ایران میں لوگوں نے دہشتگردی کےخلاف حکومت کا ساتھ دیا اور دہشت گردی ختم ہو گئی۔

قائد حزب اختلاف سینٹ نے کہا انقلاب کے وقت میں ایران میں تھا، ایرانیوں نے حکومت کا ساتھ دیا ،عوام ساتھ نہ ہوتے تو تباہی ہو جاتی،پاکستان کو ٹھیک کرنے کی طرف جانا ہوگا، سیاستدان آگے آئیں، میں بانی پی ٹی آئی کا وفادار ساتھی ہوں، کبھی اصولوں پر سمجھوتہ کرنے والا نہیں، پاکستان کی سکیورٹی اور قومی مفاد کےلئے جو بھی ہوا کردار ادا کریں گے،شادیوں پر اتنا خرچ کرتے ہیں، کچھ غریب کے بچوں کےلئے بھی لے لیں۔

وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا علامہ راجہ ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پارلیمانی لیڈر کو قائد حزب اختلاف کی نشست پر بٹھایا گیا ، توقع رکھتے ہیں اختلاف اپنی جگہ ماحول کو ٹھیک رکھا جائےگا۔

مزید برآں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کوئی ان سے پوچھے اپوزیشن لیڈرز کے نوٹی فکیشنز 5 ماہ تک کیوں روکے؟ کوئی پوچھے پاکستان کن اصولوں پر چل رہا ہے؟ آئین کی خلاف ورزی پر کوئی نہیں پوچھ رہا؟اپوزیشن لیڈرز کا نوٹی فکیشن جاری نہ کرکے غیر آئینی کام کررہے تھے۔

علیمہ خان نے کہا ملاقات نہیں بانی کی رہائی چاہیے، بانی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا لیڈر ہے، 8 فروری کی کال کا اپوزیشن لیڈر کے نوٹی فکیشن سے کوئی تعلق نہیں، بانی کو غیر قانونی طریقے سے قید تنہائی میں رکھا گیا ۔