سی پیک ٹو کو حقیقت ، کامیابی میں ڈھالیں گے:وزیر اعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرکے سالوں میں نہیں مہینوں میں کمال کر سکتا ہے، نوجوان ہمارا مستقبل اور آنے والے کل کی امید ہیں، چین پاکستان کا آزمودہ دوست اور ہر طرح کے تعاون کےلئے تیار ہے، پاکستان کی معیشت استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، سی پیک 2.0 کو حقیقت اور کامیابی میں ڈھالیں گے، چین سے جدید زراعت کی تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس زرعی معیشت کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ وہ پاک چین ایگری انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر رانا تنویر حسین، جام کمال، اویس لغاری، عطاءاللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ سمیت وفاقی وزراء، وزراءمملکت، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ، بیجنگ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے نمائندے اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے زراعت کو پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا اس میں وسیع مواقع موجود ہیں، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر پیداوار بڑھانا ہوگی، اس سلسلے میں کچھ کامیابیاں حاصل کیں ہیں، بہت کرنا باقی ہے، سائنسدانوں اور زرعی ماہرین کو پانی کے بہترین استعمال، کاشتکاری کے جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہوگا اور ویلیو چین، کولڈ چین اور ویلیو ایڈیشن کو یقینی بنانا ہوگا، وزیراعظم نے کہا چین پاکستان کو بہترین مہارتیں اور ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے، 2024ءاور 2025ءمیں چین میں بی ٹو بی اور جی ٹو جی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، ان ایم او یوزکو پاکستان اور چین کے کاروباری ادارے مل کر عملی معاہدوں میں بدل رہے ہیں، ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس کو ملک بھر سے میرٹ پر منتخب کرکے چین کی زرعی یونیورسٹیوں اور تحقیقاتی مراکز میں بھجوایا جہاں انہوں نے بہترین معیار کی تربیت اور مہارتیں حاصل کیں، وہ یہاں آ کر کسانوں کی مدد کریں گے، ان کی مہارتوں اور صلاحیتوں سے استفادہ کرکے زرعی معیشت کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے،شہبا شریف نے چینی سفیر کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا زرعی تکنیک، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں چین کی ترقی بے مثال ہے، پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات برسوں پر محیط ہیں اور رواں سال ہم اپنے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، وزیر اعظمنے پاکستانی کسانوں، زرعی اداروں اور ماہرین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں، اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور وہ کمال کر دکھائیں جس کی پاکستان کی زرعی معیشت کو ضرورت ہے،قبل ازیں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت باعث مسرت ہے، زرعی تعاون پر گفتگو کےلئے اکٹھا ہونا نہایت اہمیت کا حامل ہے، عالمی اقتصادی ترقی میں ہمارا حصہ تقریباً 30 فیصد ہے، چین نے دنیا کے دیگر ممالک کے لئے نئے مواقع فراہم کئے ہیں،انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کی گزشتہ سال 3 فیصد سے زائد ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں یہ شرح 3.71 فیصد تک پہنچ گئی ہے، کئی اہم معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے، مہنگائی کی شرح 4 فیصد پر برقرار، عوام کا معیار زندگی بہتر ہوا ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ سرپلس 2.1 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 21.2 ارب امریکی ڈالر ہو گئے ہیں جس پر میں وزیراعظم شہباز شریف اور برادر پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 2026 میں چین 15 واں پانچ سالہ منصوبہ تیار اور اس پر عملدرآمد کرے گا۔