جوڈیشل کمیشن اجلاس میں شرکت بانی کی ملاقات سے مشروط

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ بانی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کر دیا ،سپریم کورٹ کے باہر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا پارٹی کا مو¿قف ہے جوڈیشل کمیشن کے نئے قوانین اور 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد اجلاس میں شرکت کا طریقہ کار واضح ہونے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائےگا، پی ٹی آئی ممبران گزشتہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے کیونکہ 26 ویں آئینی ترمیم پر شدید تحفظات تھے تاہم کمیٹی میں شامل ہونے کے باوجود پارٹی اپنا موقف پیش کرنے کیلئے تیار تھی،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہی حتمی فیصلہ ہوگا جوڈیشل کمیشن اجلاس میں کس انداز میں شرکت کی جائے، 27 ویں آئینی ترمیم اور نئی عدالت بننے کے بعد بانی سے ملاقات نہیں ہوئی ، ملاقات اگلے اقدامات کی بنیاد ہوگی،صحافیوں کے سوالات کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن سپیکر قومی اسمبلی کے صوابدیدی اختیار میں تھا اور یہ نوٹیفکیشن اسی کی بنیاد پر جاری ہوا، ہماری کوشش تھی اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن ہو اور جو بھی یہ کرائے، بہتر ہوا، ہم سپیکر کے مشکور ہیں،سینٹمیں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے بارے میں پوچھے جانے پر بیرسٹر گوہر نے کہا آج یا کل نوٹیفکیشن جاری ہو جائےگا، بانی پی ٹی آئی نے دونوں رہنماو¿ں کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا اور دونوں کا ہونا بہتر ہے،صحافیوں کے سوال پر غزہ امن کمیٹی کا دعوت نامہ وزیر اعظم کو بھیجا گیا ہے، بیرسٹر گوہر نے کہا سنجیدہ مسئلہ ہے اور عالمی سطح پر مسلم امہ بھی یہ سمجھتی ہے فلسطین کیلئے دائمی حل نکلنا چاہیے، پاکستان کو موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے معاملے پر فیصلہ لینا ہوگا اور مسلم امہ کے نقطہ نظر کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے، پارلیمنٹ میں جب معاملہ آئے گا تب پی ٹی آئی کی طرف سے حمایت یا حکمت عملی کا فیصلہ کیا جائے گا،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا فلسطین کیلئے حل تلاش کرنا عالمی انصاف اور امن کے فروغ کیلئے ضروری اور پاکستان اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے کا پابند ہے،امید ہے حکومت معاملے کو سنجیدگی سے پارلیمنٹ میں پیش کرے گی تاکہ قانونی اور سفارتی طریقے سے مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ ہموار ہو۔