پنجاب کے سرکاری محکموں میں پٹرول ،ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد
لاہور: (نمائندہ خصوصی)پنجاب میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کےلئے اہم ا قدام ،حکومت نے سرکاری محکموں میں پٹرول ،ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کردی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے باقاعدہ منظوری دےدی ،سرکاری محکمے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خرید سکیں گے تاہم فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیوں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ماحولیاتی تحفظ کےلئے گرین انرجی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے ، صوبے میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائےگی،نئے پٹرول پمپس کےلئے این او سی کی منظوری کو الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب سے مشروط کر دیا،کسی بھی نئے پٹرول پمپ کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ کے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ای بز پورٹل کے ذریعے صوبے کے 31 شہروں میں 170 نئے پٹرول پمپس کےلئے این او سیز جاری کئے گئے ،فیصل آباد 29، لاہور 14، بہاولپور 10، خانیوال ، بہاولنگر 9، راولپنڈی ،جھنگ 8 ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7 پٹرول پمپس شامل ہیں۔



















