نئی سیاست جماعت کی انٹری،مشتاق احمد نے پاکستان رائٹس موومنٹ قائم کردی
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نئی سیاست جماعت کی انٹری،سابق سینیٹر مشتاق احمد نے پاکستان رائٹس موومنٹ قائم کردی،نئی سیاسی جماعت کے اعلان کی تقریب میں مرکزی قیادت، کارکن، رفقا اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔
مشتاق احمد نے کہا پارٹی 1973 کے آئین کے اصولوں کی پابند ہوکر کام کرے گی، پاکستان رائٹس موومنٹ کا مقصد چند طبقات کی اجارہ داری کا خاتمہ، سماجی و معاشی انصاف، فوری اور سستا انصاف، آزادی اظہار، تعلیم و صحت کی فراہمی، غربت اور کرپشن کے خاتمے، ماورائے عدالت قتل اور ملٹری آپریشنز کے خاتمے اور وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کی بحالی ہے۔
سابق سینیٹر نے موجودہ پارلیمانی نظام کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ملک میں صحافت اور اظہار پر پابندیاں،بےروزگاری، مہنگائی، غذائی عدم تحفظ، منشیات، ماحولیاتی آلودگی اور کرپشن سنگین مسائل بن چکے ہیں۔
مشتاق احمد نے دفاعی بجٹ، اشرافیہ کی اجارہ داری، آئی پی پیز کو ادائیگیوں، نوجوانوں کی بدحالی اور انسانی سمگلنگ پر بھی تنقید کی اور مطالبہ کیا ملٹری آپریشنز سے قبل عوام، اسمبلیوں اورعلاقائی جرگوں کو اعتماد میں لیا جائے،افواج سیاسی سرگرمیوں سے اجتناب کریں، سرحدوں کو محفوظ بنایا جائے اور ملک کو درست سمت دینے کےلئے باصلاحیت اور دیانتدار قیادت سامنے لائی جائے۔


















