لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سانحہ جی پی او چوک کے شہدا پولیس کی 18ویں برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والوں کو پنجاب پولیس سلام پیش کرتی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ 2008ءمیں آج ہی کے دن پنجاب پولیس کے 16 افسران و اہلکاروں نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سانحہ جی پی او چوک میں شہید ہونے والوں میں 02 اے ایس آئیز اور 14 اہلکار شامل تھے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سانحہ جی پی او چوک کے شہدا پولیس کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں تازہ رہے گی اور ملک و قوم کی حفاظت کیلئے لاہور پولیس کا ہر سپاہی فرنٹ لائن فورس کی حیثیت رکھتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے غیور افسران و اہلکار لاہور پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ سانحہ جی پی او چوک کے شہدا کے اہل خانہ کو محکمہ پولیس میں ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں اور شہدا پولیس کے ورثا کی فلاح و بہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا پولیس کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ دوسری طرف 35ویں نیشنل گیمز 2025ءمیں میڈلز جیتنے والے پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کی تقریب کا انعقاد سنٹرل پولیس آفس میں کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل گیمز میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 24 لاکھ 50 ہزار روپے کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والے پولیس ایتھلیٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سپورٹس ایونٹس میں شاندار کارکردگی کے ذریعے محکمہ پولیس کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس نے 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں اب تک کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ موجودہ رجیم میں پنجاب پولیس کھلاڑیوں کیلئے یکساں یونیفارم اور پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کا فلیگ متعارف کروایا گیا ہے۔ میڈلسٹ کھلاڑی پنجاب پولیس کے ایمبیسڈرز ہیں، انہیں چاہیے کہ ٹیلنٹ تلاش کر کے پاکستان پولیس سپورٹس کا حصہ بنائیں۔
سانحہ جی پی او چوک کے شہدا کی یاد ہمیشہ دلوں میں تازہ رہے گی : آئی جی


















