امریکی پالیسیاں تباہ کن، دنیا کو لٹیروں کا اڈہ بننے سے بچانا ہوگا،جرمن صدر

فرینکفرٹ:(مشرق نیوز)جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین مائر نے کہا ہے امریکی پالیسیاں عالمی نظام کیلئے تباہ کن ہیں، دنیا کو لٹیروں کا اڈہ بننے سے بچانا ہوگا۔

فرینک والٹر اسٹین مائر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسیوں کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاامریکہ موجودہ عالمی نظام کو نقصان پہنچا رہا ہے،طاقتور ممالک اپنے مفادات کےلئے دنیا کو لٹیروں کا اڈہ نہ بنائیں،عالمی نظام کی تشکیل ،مضبوطی میں اہم کردار اداکرنےوالا ملک امریکہ خود ہی بنیادی اقدار کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے جرمن صدر نے کہا عالمی جمہوریت کو لاحق خطرات پہلے کبھی نہیں تھے،روس کی جانب سے یوکرین پر مکمل حملہ تاریخی موڑ تھا، امریکہ کا موجودہ رویہ ایک اور بڑے تاریخی بحران کی نشاندہی کرتا ہے،معاملہ صرف قوانین کی خلاف ورزی یا عالمی نظام کی کمزوری پر شکایت تک محدود نہیں رہا بلکہ نقصان بہت زیادہ بڑھ چکا۔

فرینک والٹر اسٹین مائرنے کہا درمیانے و کمزور ممالک کے حقوق کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے ،عالمی سطح پر انصاف و تحفظ کو یقینی بنانا ناگزیر ہے،عالمی قوانین ،اتحاد کو نظرانداز کیا گیا تو دنیا ایسی جگہ بن جائے گی جہاں طاقتور ممالک کمزور ریاستوں کو اپنی مرضی کے تابع کرلیں گے،دنیا کو لٹیروں کے ٹھکانے میں تبدیل ہونے سے بچانا سب کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے،یورپ کوعالمی قوانین کے دفاع میں واضح ، متحد موقف اختیار کرنا ہوگا۔