سفید پوش طبقے کی معاونت ترجیح،رمضان کیلئے سود مند پیکیج تیارکیاجائے، وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کمزور ،سفید پوش طبقے کی مالی معاونت ،سماجی تحفظ کو ترجیح قراردیتے ہوئے کہا تمام متعلقہ ادارے آئندہ رمضان کےلئے پچھلے سال سے بھی زیادہ موثر و سود مند پیکیج و سفارشات مرتب کریں،امدادی رقوم کی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ہی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے مجوزہ رمضان و پچھلے سال رمضان پیکیج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر جائزہ اجلاس ہوا،تمام متعلقہ اداروں ،وزارتوں کی پچھلے سال رمضان پیکیج کی شفافیت پر مستند آڈٹ ادارے کی طرف سے رپورٹ پر ستائش کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا پچھلے سال وفاقی حکومت نے غریب عوام کو رمضان پیکیج کی بدولت ارزاں نرخوں پر اشیائے خورو نوش کی فراہمی کےلئے شفاف نظام ترتیب دیا ، ملک میں کئی دہائیوں سے جاری یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے مالی بے ضابطگیوں، بدنظمی اور غریبوں کے استحصال کا رائج نظام شفافیت میں بدل دیا،یوٹیلیٹی سٹورز میں بدعنوانی کی وجہ سے مستحق افراد حق سے محروم تھے۔

شہبازشریف نے کہا غریبوں ،سفید پوش طبقے کی مالی معاونت ،سماجی آسودگی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے،غریب عوام میں امدادی رقوم کی فراہمی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ہی کی جائے تاکہ عوام کی عزت و تکریم مجروح نہ ہو،ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہمی کیش لیس معیشت کے حصول کےلئے بھی سنگ میل ثابت ہوگی،سٹیٹ بینک کی رمضان پیکیج کی تقسیم میں شمولیت سے کیش لیس اکانومی کو فروغ ملے گا، تمام متعلقہ وزارتیں ،ادارے امدادی رقوم میں غریب کے دائرہ کار و شمولیت کو ممکن حد تک وسعت دیں۔

ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے جواہرات و قیمتی پتھروں کے شعبے کی اصلاحات ،بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے قومی پالیسی فریم ورک کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا پاکستان میں جواہرات و قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، ترجیحی بنیادوں پر جیولاجیکل سروے سے ذخائر کے جغرافیے ، مالیت کا تعین کیا جائے،بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز ، سرٹیفیکشنز کے نفاذ کیلئے فوری اقدامات عمل میں لائے جائیں،پالیسی فریم ورک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول کی فراہمی کو ترجیح دی ،رواں برس ملک میں جیم سٹونز سے متعلقہ 2مثالی سینٹرز آف ایکسیلینس کا قیام عمل میں لایا جائے۔

شہبازشریف نے کہا پاکستانی قیمتی پتھر دنیا بھر میں اپنے معیار کیلئے مقبول ہیں، سمگلنگ کے سدباب ، قانونی طریقے سے برآمد سے اربوں ڈالر زر مبادلہ کا حصول یقینی بنائیں گے، نجی کمپنیوں بالخصوص نوجوان آنٹرپرنیورز کی شعبے میں حوصلہ افزائی ،بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی مدد سے پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

بجلی شعبے میں جاری اصلاحات پرجائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا زیادہ خسارے والے بجلی فیڈرز، کمیونٹی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں، اقدام سے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کے نقصانات میں کمی ،علاقوں میں بجلی مسلسل میسر ہوگی، خیبرپختونخوا ،بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹ پر فوری کام شروع ، پائلٹ پراجیکٹس کو کامیاب بنانے کےلئے علاقے کے منتخب نمائندوں سے مشاورت ، کمیونٹی کی شرکت یقینی بنائی جائے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم سے یو اے ای کے معروف کاروباری سجوانی گروپ کے وفد نے ملاقات کی ،سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،شہبازشریف نے کہاپاکستان ،متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید موثر معاشی تعاون و سرمایہ کاری کی سمت بڑھ رہے ہیں،شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورہ پاکستان نے دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید تقویت دی ،تعاون کے فروغ کےلئے سازگار فضا قائم کی گئی،متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری، جدت ،عالمی روابط اور پاکستان کی افرادی صلاحیت و قوت معاشی ترقی کےلئے نہایت مفید شراکت داری ہے،سجوانی گروپ کے وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری ،معاشی شراکت داری کے مواقع پر مزید تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے اعتماد کا اظہار کیا دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کی مضبوط حمایت کےساتھ نجی شعبے کے اشتراک میں اضافہ پاکستان ،متحدہ عرب امارات کے اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا،وزیراعظم نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان سپر لیگ میں 2نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی فرمز کے نمائندگان نے ملاقات کی ،وزیراعظم نے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہانئی ٹیمیں پی ایس ایل کےلئے تازہ ہوا کا جھونکا ،گراس روٹ کی سطح پر کرکٹ کوفروغ ،نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے میں مدد ملے گی، بولی کا عمل ٹیلی ویژن پر براہ راست نشرکرناشفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملا،سمندر پار مقیم پاکستانی ہمیشہ سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں،بڈنگ میںملکی و بین الاقوامی فرمز کی دلچسپی سے بین الاقوامی سطح پر پی ایس ایل کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔