لاہور: (کورٹ رپورٹر) گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں اشتہاری ملزم مونس الٰہی کے اثاثے ضبط کرنے کیخلاف درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا گیا۔
احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سمیت دیگر کےخلاف گجرات ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس پر سماعت کی، سابق پرنسپل سیکرٹری پنجاب اسمبلی خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت میں نئے ملزم سلمان احمد سے متعلق نیب نے سپلیمنٹری ریفرنس جمع کرا دیا ،عدالت نے تمام ملزمان کو سپلیمنٹری ریفرنس کی نقول فراہم کر دی،عدالت نے مونس الٰہی کو اثاثے ضبط کرنے کےخلاف درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا،مونس الٰہی کی والدہ قیصرہ الٰہی نے اثاثوں کیخلاف کارروائی کو چیلنج کیا ،قیصرہ الٰہی کو مونس الٰہی نے اپنا مختار عام مقرر کر رکھا ہے، عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔
مونس الٰہی کے اثاثے ضبط کرنے کیخلاف درخواست پر نیب سے جواب طلب


















