ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ پنجاب حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے حکومت خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات شہر کی بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، منیجنگ ڈائریکٹر واسا تنویر قیصر سندھو سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں زیر تعمیر سڑکوں کے ساتھ ساتھ سیوریج لائنز، فٹ پاتھ اور گرین بیلٹس کی منصوبہ بندی پہلے سے کی جائے تاکہ بعد میں سڑکوں کی توڑ پھوڑ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تعمیر ہونے والی سڑکوں پر شہریوں کی رہنمائی کیلئے واضح سائن بورڈز نصب کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر کی تمام سٹریٹ لائٹس کو فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ کمشنر نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں بیوٹیفیکیشن منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تاکہ ساہیوال شہر کو ایک خوبصورت، صاف اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال کا شمار شہر کے ممتاز اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے، جہاں معیاری تعلیم کو ہر صورت برقرار رکھا جائیگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وہ ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال میں بورڈ آف ٹرسٹیز کے 103 ویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل اکبر علی سمیت بورڈ ممبران چوہدری سلطان محمود، پروفیسر قمر الزمان خان، سید افتخار حسین شاہ، شیخ بشارت ندیم، مہر اللہ یار، ہارون رشید اور سابق پرنسپل بریگیڈیئر (ر) انوار الحسن کرمانی نے شرکت کی۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ڈی پی ایس میں دورِ حاضر کے تعلیمی تقاضوں کے مطابق تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اور تدریسی عمل کو مزید م¶ثر بنانے کیلئے اساتذہ کے تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کیلئے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔کمشنر ساہیوال نے سپورٹس کلچر کے فروغ کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈی پی ایس میں اساتذہ کی بھرتی اور طلبہ کے داخلے مکمل طور پر سو فیصد میرٹ پر کیے جاتے ہیں اور یہ شفاف نظام آئندہ بھی پوری دیانتداری کے ساتھ جاری رکھا جائیگا۔
شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے: کمشنر ساہیوال

















