اسرائیل کا صومالی لینڈ کو ریاست تسلیم کرنا امن کیلئے خطرہ ہے،پاکستان،سعودیہ

موغا دیشو،اسلام آباد،ریاض،ترکیہ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)پاکستان،سعودی عرب ،ترکیہ ودیگر ممالک نے صومالی سرزمین پر نئی ریاست کو تسلیم کرنے کا اسرائیلی اعلان مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاصومالیہ کی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوئی بھی کوشش قبول نہیں،غیرقانونی و اشتعال انگیزاقدامات بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ،صومالیہ اورپورے خطے کے امن واستحکام کےلئے خطرہ ہیں،سعودی عرب نے کہا یکطرفہ علیحدگی کی کوشش بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، صومالیہ کی خودمختاری و یکجہتی ،علاقائی استحکام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

مصر ، ترکیہ ، جبوتی اورافریقی یونین نے بھی اسرائیلی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا علیحدہ علاقوں کو تسلیم کرنا عالمی امن کےلئے خطرہ ہے۔

دریں اثنا صومالیہ نے اسرائیلی اقدام کو غیر قانونی قدم وخود مختاری پر دانستہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا تمام ممالک اور بین الاقوامی شراکت دار عالمی قانون کا احترام ، عدم مداخلت و علاقائی سالمیت کے اصولوں کی پاسداری ،افریقہ میں امن ،استحکام و سلامتی کے فروغ کےلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔

صومالیہ کی وزارت خارجہ نے واضح کیا صومالی لینڈ جمہوریہ صومالیہ کی خودمختار سرزمین کا ناقابل تقسیم و ناقابل علیحدہ حصہ ہے، خودمختار ریاست کوتقسیم نہیں کیا جا سکتا۔