بغیر کسی آرڈر زبانی طور پر قبضے کیسے دلوائے جا رہے ہیں؟ لاہور ہائیکورٹ
لاہور: (کورٹ رپورٹر)پنجاب پراپرٹی اونر شپ ایکٹ کےخلاف مزید 18درخواستیں اعتراضات دور ہونے کے بعد فل بنچ کو ارسال،لاہور ہائیکورٹ نے کمیٹیوں کی کارروائیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیا۔
جسٹس عالیہ نیلم نے درخواستوں پر سماعت کی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے ایکٹ کے تحت ٹریبونلز قائم ہونا تھے جنہیں قبضے کے اختیارات حاصل ہیں تاہم اڑھائی ماہ بعد ٹریبونلز کا نوٹیفکیشن جاری ہوا، چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کس قانون کے تحت کمیٹیاں قبضے دلواتی رہیں؟اگر معاملہ سول کورٹ میں زیر التوا ہو تو ایکٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر متعلقہ عدالت میں درخواست دےگا اور عدالت کیس ٹریبونل کو منتقل کرنے کی پابند ہوگی، کیا شق پر عمل ہو رہا ہے؟۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہابغیر تحریری احکامات کے زبانی طور پر قبضے کیسے دلوائے جا رہے ہیں؟ اگر عدالت بھی بغیر آرڈر کے کچھ کہے تو کیا مان لیا جائےگا؟،کیا ٹریبونلز نے کام شروع کر دیا ،عملہ موجود ہے نہ ہی واضح ٹریبونلز کہاں بیٹھیں گے، کیا اختیارات سے تجاوز نہیں؟،عدالت نے نشاندہی کی قانون میں کہیں نہیں لکھا کمیٹیاں قبضہ دلوائیں گی، ایکٹ کے مطابق ٹریبونل کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی قبضے کا حکم دیا جا سکتا ہے، چیف جسٹس نے پوچھا جب کمیٹی پیرا کو کہتی اور پیرا قبضہ دلواتی ہے تو کس قانون کے تحت ہے؟بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے کمیٹیوں کی تمام کارروائیوں کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے تمام کیسز فل بنچ کو بھجوا دیئے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ ،پاکستان بار کونسل نے کہا ہے پنجاب پروٹیکشن آف پراپرٹی قانون کے اطلاق کی معطلی کا عبوری حکم خوش آئند ،نئے آرڈیننس کے تحت ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیوں کو جائیداد تنازعات کا اختیار دینا آئین و قانون کے منافی ہے،کچھ عناصر تمام اختیارات بشمول عدالتی اختیارات اپنے ہاتھ میں لینا چاہتے ہیں،اعلامیے میں کہا گیا عدلیہ کے اختیارات کو کمزور کرنے والے قانون کی معطلی درست فیصلہ ،وکلا برادری چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ،عدالتی ادارے کےساتھ کھڑی ہے۔
پاکستان بار کونسل کے ممبر احسن بھون نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز کا بیان افسوسناک ، پراپرٹی اونر شپ ایکٹ پر پنجاب حکومت کا رویہ غیر مناسب و غیر سنجیدہ ہے،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ہمیشہ آئین و قانون کے تحت کام کیا،آپ عدالتیں لگانا بند کریں، حکومت نے کام بند نہ کیا تو وکلا سٹرکوں پر ہوں گے۔


















