56تاریخی گوردواروں کی تعمیر ومرمت اوربحالی جلد مکمل ہوگی:مریم نواز


لاہور :(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازسے ”سکھ آف امریکہ“ کے بانی چیئرمین چندہوک کے ساتھ 7رکنی وفدنے ملاقات کی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے سکھ وفد سے ملاقات میں پنجابی میں گفتگوکی ، امریکن سکھ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے عوامی فلاحی پراجیکٹس کو سراہا، سکھ وفدنے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے وزیراعلیٰ کے اقدامات کی تعریف و توصیف کی، ملاقات میں امریکن سکھ وفد نے پنجاب میں سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ، امریکن سکھ وفد نے پنجاب میں کرسمس کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو بھی سراہا، اس موقع پرامریکن سکھ وفد نے پنجابی زبان کے احیا اور پنجابی سائن بورڈ لگانے پر اظہار مسرت کیا۔

مریم نواز نے سکھ آف امریکہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکہ سے آنے والے سکھ بھائیوں سے ملاقات خوشی کا باعث ہے، خیرمقدم کو اعزاز سمجھتی ہوں،پنجاب اور پاکستان کےلئے ہمیشہ پیار اور احترام کا مظاہرہ کرنے پر پوری دنیا کی سکھ برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں،سکھ برادری کاپنجاب میں موجود مقدس مقامات سے جذباتی تعلق اور پاکستان سے اٹوٹ رشتہ ہے، بقائے باہمی اور ہم آہنگی کے فروغ کےلئے سکھ بھائیوں نے ہمیشہ خیرسگالی کا مظاہرہ کیا،سکھ برادری سے شکر گزاری کے اظہار کےلئے بیساکھی کے موقع پر گوردوارہ کرتارپور کا دورہ کیا،گوردوارہ کرتار پور دنیا کےلئے پاکستان کاامن کا ناقابل تردید پیغام ہے،پنجاب میں سکھ ورثے کے تحفظ کو فرض سمجھ کر ادا کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا56 تاریخی گوردواروں کی تعمیر ومرمت وبحالی جلد مکمل کر لی جائے گی،پنجاب بھر میں گوردواروں کی مرمت اور دیکھ بھال کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہوں، اقلیتوں کی فلاح ، معاشی بحالی کےلئے 75ہزار اقلیتی کارڈ کا پروگرام شروع کیا، اقلیتی کارڈ کی تعداد مزید بڑھائیں گے، میں سمجھتی ہوں ہر کمیونٹی میں تحفظ کے احساس کے بغیر پنجاب کی ترقی کا سفر نامکمل رہے گا،ہزاروں سکھ یاتریوں کی پنجاب میں آمد مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام مشترکہ ورثے کی عکاس ہے، پنجاب میں آنےوالے ہر سکھ کی حفاظت،سہولت اور آسانی ہماری ذمہ داری اور خدمت ہمارا اعزاز ہے،سکھ یاتریوں کےلئے سکیورٹی،نقل وحرکت اور دیگر سہولیات کو مثالی بنانے کےلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، باباگورونانک دیو جی کے 556 ویں یوم پیدائش کی تقریبات کےلئے دنیا بھر سے ہزاروں یاتریوں کی آمد اپنا اعزاز سمجھتے ہیں،چاہتے ہیں پاکستان آنےوالا ہر سکھ یاتری پنجاب سے خوشگوار یادیں لےکر جائے،پاکستان دنیا بھر میں سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا دنیا کا واحد ملک ہے۔

مریم نواز نے کہا سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کا مقصد سکھ بھائیوں کی مذہبی شناخت اور عقیدے کی روایات کااحترام ہے،پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کےلئے تاریخی اور قابل قدر اقدامات کئے جارہے ہیں،سکھ بھائیوں کی مذہبی سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے،پاکستان کو امن وآشتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکز کے طور پر متعارف کرانا چاہتے ہیں، قائد نواز شریف کی طرح سکھ برادری کا احترام اور معاونت ترجیحات میں شامل ہے، پنجاب کا ہر فرد دنیا بھر کی سکھ برادری کو اپنے دل کے قریب رکھتا ہے، پنجاب کی سرزمین سے احترام اور پیار کے چشمے پھوٹتے ہیں۔

دوسری جانب مسیحی برادری کے تہوار کی مناسبت سے لاہور کے لبرٹی چوک میں 42فٹ بلند کرسمس ٹری نصب کر دیا گیا جو رات کے وقت روشنیوں سے جگمگا اٹھا جس کی وجہ سے یہ عوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہارٹی کلچر اتھارٹی مسیحی برادری کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کےلئے متحرک ہے، شہر کے مختلف گرجا گھروں پر بھی روشنی کی گئی ہے،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کرسمس ٹری کی تصاویر شیئر کی اور لکھا لبرٹی چوک پر 42فٹ بلند کرسمس ٹری نصب کیا گیا جو محبت، تکثیریت اور شمولیت کے ایک مضبوط پیغام کی علامت ہے، اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے پنجاب میں اقلیتیں نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔