راولپنڈی :(بیورورپورٹ)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہمہ جہت تیاری و قومی طاقت کے تمام عناصر میںموثر ہم آہنگی ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہاکثیرالجہتی چیلنجز کو پہچاننے اور مقابلہ کرنے کیلئے چوکنا رہنا چاہیے، دشمن عناصر براہ راست محاذ آرائی کی بجائے بالواسطہ و مبہم حربے اختیار کر رہے ہیں ،پراکسیز کے ذریعے داخلی کمزوریوں کا استحصال بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا ،نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس میں شریک سول و عسکری شرکا کے پینلز کی جانب سے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز ، نمٹنے کے تقاضوں پر مبنی تعلیمی تجزئیے سے بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے بدلتے عالمی، علاقائی و داخلی سلامتی کے پیچیدہ ماحول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا پاکستان کو متنوع و مسلسل چیلنجز کا سامنا ،چیلنجز روایتی، غیر روایتی، انٹیلی جنس، سائبر، معلوماتی، عسکری، معاشی و دیگر شعبوں پر محیط ہیں،مستقبل کے قائدین کو کثیرالجہتی و ادراک پر مبنی بروقت شناخت، پیش بینی و موثر تدارک کی تربیت دی جانی چاہیے، غیر یقینی حالات میں واضح فیصلہ سازی، فکری مضبوطی اور ذہنی استقامت متنازع سکیورٹی ماحول میں موثر قیادت کےلئے ناگزیر اوصاف ہیں۔
سیدعاصم منیر نے سٹرٹیجک مفکرین کی تیاری میں این ڈی یو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ادارہ سخت پیشہ ورانہ تربیت و علمی بصیرت کو موثر پالیسی سازی ،عملی نتائج میں ڈھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ،پیشہ ورانہ عسکری تعلیم ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے، مقامی صلاحیتوں کے فروغ ، طویل المدتی قومی استحکام کےلئے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے پینلز کے گہرے تجزئیے و نتائج کو سراہتے ہوئے شرکا پر زور دیا دیانت، نظم و ضبط اور بے لوث خدمت کے اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے چوکنا،ثابت قدم رہیں،قبل ازیں این ڈی یو پہنچنے پر چیف آف ڈیفنس فورسز کا صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے پرتپاک استقبال کیا۔
دشمن کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے پراکسیز استعمال کررہے ہیں:فیلڈ مارشل



















