قبضہ گروپوں کیخلاف ایکشن کسی سے اعلان جنگ نہیں،عظمیٰ بخاری


لاہور:(وقائع نگار) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا قبضہ گروپوں کیخلاف کارروائیاں کسی کےخلاف اعلان جنگ نہیں ۔

پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا غریب آدمی کہیں بھی ہو گا، مریم نواز ساتھ کھڑی ہیں، بیوروکریسی کے ساتھ ہی ملک چلتا ہے، پوچھتی ہوں بوگس دستاویزات کےخلاف کارروائی کیسے غلط ہے؟، یہ دیکھیے حکومتی اقدام کے باعث لوگوں کو کتنا ریلیف ملا، قبضہ مافیا سے چھین کر حق دار کو حق دلانا غلط ہے کیا، حکومت قبضہ مافیا سے تنگ آئے لوگوں کےساتھ کھڑی ہے، لوگوں کو دنوں میں نہیں گھنٹوں میں ان کا قبضہ واپس ملا تھا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا غیر قانونی قبضہ ثابت ہونے پر ایک درخواست پر 90 روز میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے، 5 ہزار 44 کیسز کا فیصلہ اور ان کا حق مل چکا،پراپرٹی کے 2.3 ملین کیسز زیر التواءہیں، عدالت میں پراپرٹی کیسز کے فیصلوں میں 7 سے 10 سال لگتے ہیں،پوری دنیا میں تیز تر انصاف کےلئے قانون استعمال ہو رہا ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں ہو سکتا۔

علاوہ ازیں محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام پاک تاجک ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، فیسٹیول میں تاجکستان سے آئے ہوئے فنکاروں نے روایتی ثقافتی رقص، موسیقی اور رنگا رنگ پرفارمنس پیش کر کے شرکاءکے دل موہ لیے۔

تقریب میں پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنی شاندار پرفارمنس سے سماں باندھ دیا، تاجکستان سے آئے 72رکنی ثقافتی وفد کی قیادت تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف نے کی،پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات پنجاب شازیہ رضوان، سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل نواز گوندل اور ڈی جی پی آر شیخ فرید احمد بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے تاجک وفد کو خوش آمدید کہتی ہوں، پاکستان اور تاجکستان مشترکہ ثقافتی اقدار، روایات اور تہذیبی رشتوں میں گہری مماثلت رکھتے ہیں، فیسٹیول دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنا ہے،پنجاب حکومت تاجکستان کےساتھ ثقافتی تعاون کے فروغ کےلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔