بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے ویزا اپلائی کر دیا ، بابر اعوان


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سینئرقانون دان بابر اعوان نے کہا بانی پی ٹی آئی کےخلاف مظالم جاری رہے تو بیٹے واپس ضرور آئیں گے ،بیٹوں نے پاکستان آنے کےلئے ویزا بھی اپلائی کر دیا ۔

صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا بیٹوں سے خوف اگر بات کرائی گئی تو واپس آ جائیں گے اور میں آپ کے خوف کو تقویت دیتا ہوں، مظالم جاری رہے تو وہ واپس ضرور آئیں گے، بانی کے دونوں بیٹے سیاست میں نہیں ہیں اور قانون کہتا ہے بیٹوں سے ہفتے میں کم از کم ایک دفعہ بات کرائی جائے مگر مہینوں سے کوئی بات نہیں کرائی گئی۔

بابر اعوان نے کہا2 وزراءنے بیان دیا 8 فروری تک بانی پی ٹی آئی کو کسی سے ملنے نہیں دیا جائےگا حالانکہ ان کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں، قانون کے مطابق یہ دو جرائم میں آتا ہے، ایک یہ کہ اختیار نہیں اور دوسرا یہ کہ یہ دستور کی خلاف ورزی ہے، جیل کو چلانے اور ریگولیٹ کرنے کا اختیار صرف دو لوگوں کے پاس ہوتا ہے، ایک وہ عدالت جو قیدی کو بھیجتی ہے اور جس کی کسٹڈی ہوتی ہے اور دوسرا جیل کا انچارج،ان کے علاوہ کوئی اور ذمہ دار نہیں، انہوں نے سوال اٹھایا وزراءنے کس حیثیت میں ملاقات نہ کرانے کا کہا، پہلے یہ سنا تھا کسی کو اٹھا کر بند کر دیا جاتا ہے اور پھر ملاقات کےلئے شرائط بتائی جاتی ہیں، اسی طرح رہائی کی بھی شرائط دی جاتی ہیں، فارم 47 کی حکومت کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔