افغانستان سے بے قابودراندازی خطے کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ
اسلام آباد،تہران:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)افغانستان سے بے قابودراندازی خطے کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ،تعلیم کے نام پر نوجوانوں کا استحصال، دہشتگرد تنظیموں کی مکروہ سازشیں بے نقاب ،مختلف ممالک نے کابل کی سرزمین سے پھیلنے والی بدامنی و غیر قانونی نقل و حرکت پر شدید تشویش کا اظہار کردیا۔
ایرانی جریدے کی رپورٹ کے مطابق درجنوںافغان شہری غیر قانونی طور پر ایران داخل ہونے کی کوشش کے دوران ہلاک،متعدد لاپتہ ہوگئے،15 افغان مہاجرین کی لاشیں کوہسان اور ادرسکن اضلاع منتقل کی گئیں۔
سینئرایرانی سرحدی کمانڈر نے کہا اکتوبر کے دوران ایران میں غیر قانونی داخلے کی کوششوں میں دگنا اضافہ ہوا،جریدے کے مطابق رواں سال 16لاکھ سے زائد افغان مہاجرین، پناہ گزینوں کو بے دخل کیا جا چکا ،ماہرین کے مطابق افغان سرزمین پر سرگرم منظم دہشتگرد نیٹ ورکس نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کےلئے بھی عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔
دوسری جانب دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے نوجوان ذہنوں کو ہتھیار بنا کر شرپسندی کی مکروہ سازشیں بے نقاب ہوگئیں،دہشتگردوں کے اہلخانہ نے نوجوانوں کے استحصال کےلئے پہاڑی علاقوں میں موجود شرپسند عناصر کی آماجگاہوں کا انکشاف کر دیا،متاثرہ خاندانوں کے بیانات ظاہر کرتے ہیں نوجوان تعلیم کی آڑ میں دہشتگرد گروہوں کے ہاتھوں استعمال ہوتے رہے۔
دہشتگرد غلام جان کے بھائی نے کہا پڑھائی کےلئے کراچی جانے والا غلام جان اچانک پہاڑی علاقے میں جا پہنچا،رابطہ ختم ہونے اور ناکام تلاش کے بعد بالآخر غلام جان کی شناخت ہلاک دہشت گرد سے ہوئی،دہشتگرد آصف کے والد نے تسلیم کیا بیٹا تعلیم چھوڑ کر دہشت گرد تنظیموں کا حصہ بنا ، بے پناہ فریاد کے باوجود بیٹے نے گھر والوں کی بات نہ مان کر رابطہ ترک کر دیا،بیٹے نے والد کو بھی شرپسندی کی راہ میں رکاوٹ بننے پر گولی مار دینے کی دھمکی دی۔


















