اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے کہا ہے یواین رپورٹ نے موقف کی واضح تائید کردی،افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی خطے کے امن و سلامتی کےلئے بڑا خطرہ،سرحد پار سے حملے جاری رہنے پر جنگ بندی برقرار نہیں رہی۔
ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی و معاونت ملنے کے قابل اعتماد شواہد ،دہشتگردوں کی تعداد، نام اورمالی معاونت کی معتبر رپورٹس موجود ہیں،پاکستان ،افغانستان کے درمیان سفارتی چینلز فعال ، دونوں ممالک کے سفیر اپنے اپنے دارالحکومتوں میں موجود ، دوطرفہ معاملات سفارتی ذرائع سے زیر بحث آتے رہتے ہیں۔
طاہر اندرابی نے کہا پاکستان خطے میں مسلسل سفارتی رابطوں کی حمایت کرتا رہے گا، پاک افغان جنگ بندی کو روایتی سیزفائر نہ سمجھا جائے، جنگ بندی کا مقصد افغانستان سے دہشتگرد حملے روکنا تھا، افغان سرزمین سے ہونےوالے دہشتگرد حملے فائرنگ کے مترادف ہیں، پاکستان کے پاس شواہد ہیں حملہ آور عناصر کو سرحد پار معاونت حاصل ہے، جنگ بندی پر پاکستان نے نیک نیتی سے عمل کیا دوسری جانب سے پاسداری نہیں کی گئی،جنگ بندی ختم ہوگئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ایران میں ہونےوالی علاقائی میٹنگ میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی پر بات ہوئی، کالعدم ٹی ٹی پی و دیگر دہشتگرد گروہوں کامعاملہ وسیع تناظر میں زیر بحث آیا،علاقائی میکنزم اتفاق رائے و مشاورت کےلئے اہم ہیں، افغان حکومت تہران میں نمائندے بھیجتی تو شاید کوئی بات چیت ہو سکتی،دہشتگرد گروہوں کی موجودگی افغانستان میں داخلی استحکام وترقی کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے، سلامتی کونسل کی رپورٹس افغانستان میں مختلف دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی کی تصدیق کرتی ہیں، رپورٹ میں ٹی ٹی پی و دیگر غیرملکی دہشتگرد عناصر کا خصوصی ذکر کیا گیا ،پاکستان کے موقف کی واضح تائید ہوگئی، دہشتگرد عناصر پاک افغان تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں،سرحدی کشیدگی، فائر بندی کی عدم موجودگی، بارڈر بندش اور تجارتی معطلی دہشتگردی سے جڑی ہے
طاہر اندرابی نے کہا پاکستان نے امدادی سامان بھیجا،افغانستان نے وصول نہیں کیا،وزیراعظم کی روسی صدرپیوٹن سے ملاقات مثبت رہی، ملاقات میں تاخیر کی خبر بھارت میں موجود نیوز ایجنسیوں کی جانب سے جاری کی گئی،مقصد پاکستانی قیادت کے خلاف نفرت انگیز پروپیگنڈا تھا، بعد میں بھارتی نیوز ایجنسیوں کی جانب سے تاخیر پر مبنی سوشل میڈیا ٹوئٹ ہٹا دئیے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا غزہ بین الاقوامی استحکام فورس میں شمولیت کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا،سڈنی حملے سے پاکستان کو جوڑنا افسوسناک ،غیر ذمہ دارانہ ہے، پاکستانی کا نام و تصویر بغیر تصدیق میڈیا پر دکھائی گئی ،بھارتی میڈیا نے غلط معلومات ،پروپیگنڈا پھیلایا بعد میں حملہ آور بھارتی نژاد اور بھارتی پاسپورٹ ہولڈر نکلا،’را“ دنیا کے بہت سے حصوں میں روگ طریقے سے کام کر رہی ہے، سڈنی حملے کی تحقیقات آسڑیلوی تحقیقاتی ایجنسیوں نے کرنی ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا بھارت کی جانب سے چناب کے بہاو میں اچانک تبدیلی ناقابل قبول ہے، عالمی برادری سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا نوٹس لے، بھارتی اقدامات خطے کے امن واستحکام کےلئے خطرہ ہیں، دسمبر سے دریائے چناب میں پانی کی سطح میں غیرمعمولی اتارچڑھاو دیکھا گیا، بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع پانی چھوڑنے پر شدید تحفظات ہیں،بھارتی ریاست بہارکے وزیراعلیٰ کے مسلم خاتون ڈاکٹر سے ہتک آمیز سلوک کی مذمت کرتے ہیں، بھارت میں اقلیتوں کو نارواسلوک کاسامنا ہے، بھارتی حکومت اقلیتوں کے حقوق خصوصاً مذہبی آزادی کا تحفظ یقینی بنائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارتی سینئر سیاسی رہنما کی جانب سے مسلمان خاتون کا حجاب زبردستی اتارنا ،عوامی تمسخر انتہائی تشویشناک اور سخت مذمت کا تقاضا کرتا ،اقدام بھارت میں مسلمان خواتین کی تذلیل کو معمول بنانے کی جانب بڑھنے کی کڑی بن سکتا ہے۔
پاک افغان جنگ بند ی ختم،یواین رپورٹ موقف کی تائید ہے،پاکستان



















