سانحہ اے پی ایس پشاور کو 11 سال بیت گئے،دعائیہ تقاریب، شمعیں روشن

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:(بیورورپورٹ) سانحہ اے پی ایس پشاور کو 11 سال بیت گئے،شہرشہردعائیہ تقاریب،شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شمعیں روشن کی گئیں،تقاریب میں سیاسی وسماجی رہنماﺅں،سول سوسائٹی کے اراکین سمیت بچوں،خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہوگا، شہدا نے وطن عزیز کے مستقبل کےلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،دلخراش سانحہ پوری قوم کےلئے عظیم آزمائش ،دلوں کو غم سے بھر دیا مگر قومی حوصلے کو پست نہ کر سکا،معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ قومی یادداشت کا حصہ رہیں گی،پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر شریک ہے۔

شہبازشریف نے کہا دہشتگردی کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پوری قوت کےساتھ بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستان کے روشن مستقبل کےلئے دی گئی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔