ڈگری کیس میں جسٹس طارق جہانگیری کے اعتراضات مسترد


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) ڈگری کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کے اعتراضات مسترد کر دئیے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بنچ کے جاری کردہ 4 صفحات پر مشتمل حکمنامے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کا سنگل بنچ کی بجائے 2رکنی بنچ کی تشکیل کا اعتراض مسترد کیا،جج کی ڈگری پر سنگین الزامات عائد کئے گئے ، معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامی اختیار کے تحت 2 رکنی بنچ تشکیل دیا گیا، بنچ کی تشکیل چیف جسٹس ہائیکورٹ کا صوابدیدی اختیار ہوتا ہے۔

حکمنامے میں مزید کہا گیا خصوصی بنچ کی تشکیل کوئی پہلی مثال نہیں، جسٹس جہانگیری کے چیف جسٹس پر تعصب کے اعتراض کا بھی کوئی قانونی جواز نہیں ، جسٹس طارق جہانگیری سمیت دیگر ججز کی چیف جسٹس کے تبادلے کےخلاف اپیل وفاقی آئینی عدالت سے مسترد ہو چکی ۔

ہائیکورٹ نے کہاجج پر تعصب کی بنیاد پر بنچ سے علیحدگی کے اصول پر اعلیٰ عدلیہ کے متعدد فیصلے موجود ہیں، اعلیٰ عدلیہ 1966 سے لے کر 2023 تک کے فیصلوں میں جج پر اعتراض کے اصول واضح کر چکی ، جسٹس طارق جہانگیری کے چیف جسٹس پر اعتراض کی ایک بھی قانونی وجہ بیان نہیں کی گئی۔