حکومت کا پرتشدد احتجاج کرنے والوں سے آڑے ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ

لاہور (مشرق نیوز) حکومت نے احتجاج کے دوران پرتشدد رویہ اپنانے والوں سے آڑے ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق املاک کو نقصان پہنچانے اور پرتشدد مظاہرے کرنے والوں کے خلاف اب سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں حکومتِ پنجاب نے پرتشدد احتجاج کرنے والوں سے آڑے ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس آرڈر (دوسری ترمیم) ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے جس کے تحت پر تشدد احتجاج کرنے والوں کو سزائیں تو ہوں گی ، تاہم انہیں ساتھ ہی نقصان کی بھرپائی بھی کرنا ہو گی۔ پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پیش کئے گئے بل کے تحت پرتشدد احتجاج کرنے والوں سے نمٹنے کیلئے رائٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا جائیگا۔ بل کے متن کے مطابق رائٹ مینجمنٹ یونٹ کی ایڈمنسٹریشن ایڈیشنل آئی جی رینک کا افسر دیکھے گا اور اس یونٹ کو جدید آلات سے لیس کیا جائیگا۔ رائٹ مینجمنٹ یونٹ کے افسران کو غیر قانونی احتجاج سے نمٹنے کی باقاعدہ ٹریننگ بھی دی جائیگی۔

بل کے مطابق غیر قانونی رائٹ زون کا تعین ضلعی ڈی سی کرے گا اور تعین کے بعد ضلعی پولیس کے سربراہ کو مطلع کرے گا۔ غیر قانونی رائٹ زون کے تعین کے بعد زون کو کارڈن آف کیا جا سکے گا۔ زون میں رائٹ مینجمنٹ یونٹ کے انسیڈینٹ کمانڈر احتجاج کرنے والوں سے نمٹیں گے۔

اسمبلی میں پیش کئے گئے بل کے متن کے مطابق انسیڈینٹ کمانڈر انچارج پولیس سٹیشن کے رینک کا افسر ہو گا۔ رائٹ مینجمنٹ افسران پر لیگل کاروائی نہیں ہو سکے گی۔ پرتشدد احتجاج کا ملزم قرار پائے جانے پر ملزم نقصان کی بھرپائی بھی کرے گا۔ ٹرائل کورٹ نقصان کا تعین محکمہ داخلہ کی مدد سے کرے گی۔ نقصان میں نجی و سرکاری املاک کو نقصان، انسانی جان کو نقصان اور انسانی جان جانے جیسے نقصانات شامل ہیں تاہم ٹرائل کورٹ کے فیصلے ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ کے پاس چیلنج ہو سکیں گے۔

حکومتی ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ رائٹ مینجمنٹ یونٹ میں رائٹ مینجمنٹ فورس کے افسران تعینات ہوں گے۔ بل 2 ماہ کیلئے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ہے، جس کے بعد اسے منظوری کیلئے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائیگا، اس بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔