اسلام آباد (بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے ڈگری تنازع کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر کے بنچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا،جسٹس طارق جہانگیری کے ڈگری سے متعلق تنازع کے کیس کی سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل بنچ نے کی، جسٹس طارق جہانگیری اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا میں بطور چیف جسٹس درخواست کررہا ہوں معزز وکلاءبیٹھ جائیں، معزز جسٹس طارق محمود جہانگیری آئے ہوئے ہیں، باقی بیٹھ جائیں،جسٹس طارق جہانگیری نے کہا جمعرات کو نوٹس ملا نوٹس کےساتھ پٹیشن کی کاپی تک نہیں ، 34 سال پرانا کیس ہے، مجھے پٹیشن کی کاپی ملنے کے لیے وقت دیں،جسٹس طارق جہانگیری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کے بنچ میں بیٹھنے پر اعتراض اٹھا دیا، چیف جسٹس نے کہاآپ بھی جج ہیں، میں بھی جج ہوں، میں نے آپ کےخلاف پٹیشن فائل کی،جسٹس طارق جہانگیری نے کہا مفادات کا ٹکراو¿ ہے، آپ کیس میں میرے خلاف نہیں بیٹھ سکتے، میرا یہ اعتراض ہے آپ یہ کیس نہ سنیں، کووارنٹو کی رٹ کبھی بھی ڈویژن بنچ نہیں سنتا، سنگل بنچ سنتا ہے، آپ نے مجھے عدالتی کام سے بھی روک دیا جو عدالتی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا، اس طرح تو کسی چپڑاسی کو بھی کام سے نہیں روکا جاتا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے انصاف آپ کو ویسے ہی ملے گا جیسے کسی اورکو ملتا ہے،جسٹس طارق جہانگیری نے کہا قتل کیس میں بھی 7 دن بعد فرد جرم عائد ہوتی ہے، آپ نے صرف 3 دن کا نوٹس دےدیا، آپ کووارنٹو کی رٹ میں ایسا نہ کریں، اگر یہ عدالتی نظیر قائم کریں گے تو تباہ کن اثرات ہوں گے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس طارق جہانگیری نے کہا پنڈورا باکس نہ کھولیں سب کی پگڑیاں اچھلیں گی، قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں میری ڈگری اصلی ہے، میں حلفاً کہتا ہوں میری ڈگری اصلی ہے، مجھے آپ پر اعتماد نہیں ، کیس دوسرے بنچ کو منتقل کردیں مجھے جواب داخل کرنے کےلئے مہلت دیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے جسٹس طارق جہانگیری کو پٹیشن اور تمام متعلقہ دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کردی۔
ڈگری اصلی، پنڈورا باکس کھلا تو سب کی پگڑیاں اچھلیں گی: جسٹس طارق جہانگیری



















