واسا پھول یونین نے تاریخی فتح حاصل کرکے جھوٹے بیانئے کو دفن کردیا: عہدیداران

لاہور(قمر عباس نقوی )واسا پھول یونین سی بی اے کی مرکزی قیادت نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزدور کی جانب سے تاریخی فتح حاصل ہوئی جھو ٹے بیانئے کو دفن کرتے ہوئے کلین سویپ کیا۔ 50فیصد الاﺅنس کی جلد خوشخبری ملازمین کو ملے گی مزدور کو ان کے حقوق دہلیز پر فراہم کئے جائیں گئے۔ محکمہ کی آمدنی میں مزید بہتری کی خاطر پھول یونین کی قیادت اور مزدور اپنا کردار ادا کرے گا۔ چیئرمین پھول یونین سی بی اے اسلم بھٹی نے پھول یونین کی کامیابی واسا کے تمام ملازمین کی مشترکہ جیت قرار دیا ہے۔ سی بی اے کا اعتماد ملنے کے بعد ان کی اولین ترجیح ملازمین کو درپیش دیرینہ مسائل کا حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں، مراعات، سروس سٹرکچر، پروموشنز، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کے مسائل، سیکیورٹی آف سروس اور کام کے بہتر ماحول کیلئے سنجیدہ اور نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں گے۔ صدر پھول یونین عمر فیاض بٹ کا کہنا تھا کہ مزدور کے مسائل سی بی اے کی اولین ترجیحات ہیں۔ مسائل کے حل کی خاطر واسا انتظامیہ کے ساتھ باہمی مشاورت اور مثبت انداز میں بات چیت کو فروغ دیں گے تاکہ ملازمین کے مسائل کا حل تصادم کے بجائے گفت و شنید کے ذریعے ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی بی اے پلیٹ فارم کو صرف ایک یونین نہیں بلکہ تمام واسا ملازمین کی آواز بنایا جائیگا اور کسی کے ساتھ بھی امتیازی سلوک نہیں کیا جائیگا۔ جنرل سیکرٹری رانا سلیم بلو نے کہا کہ مزدور نے سابق سی بی اے یونین کے جھوٹے بیانیہ کو دفن کردیا ہے۔ واسا مزدور نے 50 فیصد الاﺅنس چوروں کو کلین سویپ کی شکل میں شکست دی اور پھول یونین کو منڈیٹ دیا جس پر واسا مزدور کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں، پھول یونین سی بی اے مزدور کے مفاد پر کام کریگی نہ ہی ہم ٹھیکیدار ہیں اور نہ ہی کسی ٹھیکیداری کے حصہ دار ہیں۔ ہمارے فرائض میں واسا مزدور کی حقیقی خدمت ہے، ہمارا منشور مزدور کی خدمت ہے۔ میڈیکل کی سہولت میں مزید بہتری لانے کی خاطر واسا کے ذاتی ہسپتال کے قیام کا منصوبہ بھی انتظامیہ کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ پھول یونین نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے آئندہ دو برس کیلئے سی بی اے منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے جو کہ لیبر اور واسا انتظامیہ کی نگرانی میں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق پرامن اور شفاف انداز میں منعقد ہوا جس میں واسا کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے بھرپور شرکت کی ووٹنگ اور بعد ازاں گنتی کا عمل امیدواروں اور یونین نمائندگان کی موجودگی میں مکمل کیا گیا، اس پر ہم لیبر اور واسا انتظامیہ کے مشکور ہیں۔