میٹروپولیٹن کارپوریشن ملازمین کی ترقی کا معاملہ انتظامی تضادات کی نذر

لاہور(نوید چودھری) میٹروپولیٹن کارپوریشن ملازمین کی ترقی کا معاملہ ایک بار پھر انتظامی تضادات اور بدلتے ہوئے طریقہ کار کی نذر ہو گیا ہے۔ حالیہ کمپیوٹر ٹائپنگ ٹیسٹ میں 450 سے زائد ملازمین نے حصہ لیا جن میں سے 63 اہلکار کامیاب قرار پائے جبکہ قواعد کے مطابق انہیں 20 فیصد کوٹے کے تحت جونیئر کلرک کے عہدوں پر ترقی دی جانی تھی تاہم انتظامیہ کی جانب سے اچانک یہ شرط عائد کر دی گئی کہ صرف وہی ملازمین ترقی کے اہل ہوں گے جنہوں نے مبینہ طور پر ایف اے سیکنڈ ڈویژن میں پاس کیا ہو، حالانکہ مروجہ سروس رولز کے تحت ترقی کیلئے سنیارٹی اور محض ایف اے پاس ہونا ہی بنیادی شرط تصور کی جاتی رہی ہے۔ البتہ یہ فیصلہ ملازمین میں شدید بے چینی کا باعث بن گیا ہے کیونکہ ماضی میں اسی کارپوریشن میں یکسر مختلف معیار اپنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق 2021 میں درجہ چہارم کے 84 ملازمین کو کمپیوٹر ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد جونیئر کلرک کے عہدوں پر ترقی دی گئی تھی اور اس وقت تعلیمی شرط میٹرک رکھی گئی تھی۔ اب 2025 میں مبینہ طور پر ایف اے سیکنڈ ڈویژن کی شرط عائد کرنا ملازمین کے نزدیک کھلی ناانصافی اور امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر ٹیسٹ کا طریقہ کار بار بار تبدیل کیا جانا بھی اس معاملے کو مزید متنازع بنا رہا ہے۔ ترقی کے منتظر مزکورہ اہلکاروں کا ماضی میں سابقہ پالیسی کے تحت صرف کمپیوٹر ٹیسٹ ہی لیا گیا جس بنیاد پر 2021 میں 84 ملازمین کو ترقی ملی، اسی طرز پر 2023 میں مزکورہ ملازمین نے کمپیوٹر ٹیسٹ دیا جس میں 197 اہلکار پاس ہوئے مگر ان کے ٹیسٹ پراسس کو بے بنیاد قرار دیکر سارے عمل کو سبوتاژ کر دیا گیا، یہ معاملہ اس وقت پیش آیا جب ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ لاہور کے اختیارات کمشنر سے ڈپٹی کمشنر کو منتقل ہوئے۔ تب ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے کمپیوٹر ٹیسٹ کے عمل کو مشکوک قرار دے کر دوبارہ ٹیسٹ لینے کا عندیہ جاری کر دیا، جس کے بعد یہ معاملہ طویل عرصے تک التوا کا شکار رہا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ امسال کمپیوٹر ٹیسٹ دوبارہ شفاف انداز میں منعقد کئے گئے، ان کے نتائج بھی جاری ہوئے، مگر اس کے باوجود تاحال ترقیوں پر کوئی واضح پیش رفت نظر نہیں آ سکی۔ اب اطلاعات ہیں کہ ٹیسٹ پاس کرنے والے 63 ملازمین میں سے بھی صرف چند کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اور مبینہ طور پر 13 ملازمین کے نام ترقی کیلئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی سفارشات کے ساتھ ڈپٹی کمشنر لاہور کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔ چنانچہ یہ صورتحال کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ اگر ٹیسٹ شفاف تھا اور نتائج بھی سرکاری طور پر جاری ہو چکے ہیں تو پھر باقی پاس شدہ ملازمین کو نظر انداز کیوں کیا جا رہا ہے؟ کیا یہ محض انتظامیہ کی عدم دلچسپی ہے یا پھر نااہلی، جو ایک واضح اور طے شدہ معاملے کو مسلسل لٹکائے ہوئے ہے؟ لیکن اس غیر یقینی نے درجہ چہارم کے ملازمین میں شدید اضطراب پیدا کر دیا ہے جو برسوں کی سروس اور قواعد کے مطابق اپنے جائز حق کے منتظر ہیں۔ ملازمین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بدلتے ہوئے طریقہ کار اور نئی شرائط کے ذریعے ان کی حق تلفی بند کی جائے اور 2021 میں اپنائے گئے اصولوں کے مطابق تمام ٹیسٹ پاس کرنے والے ملازمین کو بلا امتیاز ترقی دی جائے تاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں اعتماد کا بحران مزید گہرا نہ ہو۔