چیف آف ڈیفنس فورسز نے احتسابی عمل اپنے ادارے سے شروع کیا:طارق فضل چودھری

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا فوج میں احتساب کے عمل سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا، چیف آف ڈیفنس فورسز نے احتساب کا عمل اپنے ادارے سے شروع کیا، فوج کی تاریخ میں پہلے کبھی ایسی مثال نہیں ملتی،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا فیض حمید طاقتور شخص تھے، اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، فیض حمید کا 15 ماہ تک ٹرائل ہوا، فیض حمید سے متعلق فیصلہ تاریخی ہے، 15 ماہ کیس چلا، صفائی کا بھرپورموقع دیا گیا، یہ کسی حکومت نہ کسی جماعت کی فتح ہے، یہ پاکستان کے آئین کی فتح ہے، فیصلہ ثابت کرتا ہے کوئی بھی آئین و قانون سے بالاتر نہیں،فیض حمید نے ریاستی عہدے کو پسند نا پسند کے طور پر استعمال کیا، فیض حمید نے قومی مفاد کے نام پر اپنی طاقت کا غیرآئینی استعمال کر کے حکومتوں کو گرایا اور بنایا،فیض حمید پولیٹیکل انجینئرنگ کرتے رہے، فیض حمید نے من پسند فیصلے کیے، پاکستان ان فیصلوں کا خمیازہ گزشتہ 8 سال سے بھگت رہا ہے، ایک جماعت کو نشانہ بنایا، دوسری جماعت کو فائدہ دیا گیا، وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہاپورے سیاسی نظام میں عدم استحکام پیدا ہوا، یہ بانی پی ٹی آئی اورفیض حمید کا گٹھ جوڑ تھا، بانی پی ٹی آئی کی جماعت اس گٹھ جوڑ سے مستفید ہو رہی تھی، ریاستی اداروں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، بانی پی ٹی آئی نے ایسے بیانات دیئے جس سے اداروں میں بھی ٹکراو¿ کی کوشش کی گئی، بانی پی ٹی آئی جیل کو پارٹی سیکرٹریٹ کی طرح استعمال کر رہے ہیں،ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور ٹویٹ کیا جاتا ہے، بیرون ملک بیٹھے لوگ بھی ادارے کی قیادت کےخلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، نوازشریف کو غیرآئینی اور غیرقانونی طریقے سے منصب سے ہٹایا گیا، ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کےلئے دوسری جماعت کے رہنماو¿ں کو قید میں ڈالا گیا،طارق فضل چودھری نے کہا پی ٹی آئی قیادت ہوش کے ناخن لے، منفی سیاست کی اب کوئی گنجائش نہیں، ایک شخص جیل میں بیٹھ کر ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، فیض حمید کو سزا سے اب کوئی سیاسی انجینئرنگ نہیں کر سکے گا، خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی سے متعلق معاملات پرذمہ داری کا مظاہرہ کرے، اگرصوبائی حکومت تعاون نہیں کرے گی تو گورنر راج کا آپشن موجود رہے گا۔