اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی علماءو مشائخ کانفرنس میں علماءکرام نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی، عسکری قیادت کو خراج تحسین کیا ہے،کنونشن سینٹر اسلام آباد میں قومی علماءو مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماءنے اپنے خیالات کا اظہار کیا، شرکاءنے ملکی صورتحال، عسکری اقدامات اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے،جامعہ رشید کے سربراہ مفتی عبدالرحیم نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور عسکری قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ملک جن حالات سے گزر رہا ہے، اس میں سب سے بڑی ضرورت سیاسی اور عسکری قیادت کے مضبوط تعلق اور باہمی اتفاق کی ہے، قیادت کا یکجا ہونا آئین، دین اور شریعت کے مطابق ہے جس پر پوری قوم کو شکر ادا کرنا چاہیے، اللہ تعالیٰ نے پاکستانی افواج کو محافظ حرمین شریفین ہونے کا شرف عطا کیا، ہماری فوج نہ صرف اسلامی فوج ہے بلکہ حرمین کی محافظ بھی ہے اور یہ اعزاز اللہ تعالیٰ کی جانب سے عطا کردہ ہے، اللہ تعالیٰ نے ہماری فوج کو غزوہ ہند کی توفیق عطا فرمائی، پوری قوم کو فوج کا ہر صورت ساتھ دینا چاہیے،مفتی عبدالرحیم نے فتنہ الخوارج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس بارے میں 42 احادیث موجود ہیں اور فتنے کی سرکوبی کیلئے اللہ تعالیٰ نے عسکری قیادت اور پاک فوج کو منتخب فرمایا ہے، فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے علماءکی مدد انتہائی اہم ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خوارج مذہب کی بنیاد پر دہشت گردی کر رہے ہیں، افغانستان میں فتنہ خوارج اور فتنہ الہند کو بھارت اور اسرائیل کی پشت پناہی حاصل ہے، علماءافغانستان کو تنبیہ کریں اسلام کے نام پر پاکستان کے معصوم شہریوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور تمام علماءکو یک زبان ہو کر پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے،پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا وطن کی سرحدوں کی حفاظت سپہ سالار کی ذمہ داری،نظریے کی حفاظت علماءکی، مدارس کے 30 لاکھ طالبعلم فوج اور قوم کی رہنمائی کے منتظر ہیں، مئی میں پاکستان کو ملی فتح اللہ کی مدد، قوم اور فوج کے اتحاد سے حاصل ہوئی،شیعہ علماءکونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا”بنیان المرصوص“ نے دنیا میں پاکستان کو عزت دی ،جمعیت اہلحدیث کے علامہ ضیاءاللہ شاہ بخاری نے کہا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح حاصل کی، کسی نام نہاد سیاست دان کو پاک فوج کے سپاہیوں کےخلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،پیر حسان حسیب الرحمان نے کہا علماءاسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے ہر قدم پر فوج کے ساتھ ہیں، پاکستان کے پاسپورٹ کو عالمی سطح پر عزت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے، اوورسیز پاکستانی فخر کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، اگر پیغام پاکستان کو قانون کا حصہ بنا دیا جائے تو دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
سیاسی و عسکری قیادت کا یکجا ہونا آئین، دین ، شریعت کے مطابق ہے :قومی علماءو مشائخ کانفرنس

















