ترکمانستان کو کراچی اور گوادر بندرگاہیں استعمال کرنے کی پیشکش

اشک آباد،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے ترکمانستان کو کراچی اور گوادر بندرگاہیں استعمال کرنے کی پیشکش کر دی۔

شہباز شریف کا اشک آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچنے پر ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین و ٹرانسپورٹ و مواصلات کے سربراہ محمد خان چیکیئف نے شاندار استقبال کیا۔

بعدازاں وزیراعظم نے ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ملاقات کی،ترکمانستان کی مستقل غیر جانبداری کی 30 ویں سالگرہ ، اقوام متحدہ کی جانب سے 2025 کو امن و اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دینے پر مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی و اقتصادی روابط مضبوط بنانے کا عزم ،ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے کےلئے فراہم کیے جانے والے تعاون پر ترکمان قیادت ،حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ترکمانستان کے ساتھ زمینی و سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکراچی ،گوادر کی بندرگاہوں کا جغرافیہ مثالی ،ترکمانستان جنوبی ایشیا اور باہر اپنی رسائی کو بڑھانے کےلئے استعمال کو بروئے کار لاسکتا ہے۔

شاندار مہمان نوازی پر ترکمانستان کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنما گربنگولی بردی محمدوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اورآئندہ برس پاکستان کاسرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

ترکمانستان کے صدر نے وزیر اعظم کے دورے،امن و اعتماد کے بین الاقوامی فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاپاکستان کےساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہےں۔

قبل ازیں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کے 11 فیصد ہدف کے حصول کےلئے کوششیں تیز اور ٹیکس محصولات کے اہداف کے حصول کےلئے ٹیکس کے دائرہ کومزید وسعت دینے کی ہدایت کردی۔

شہبازشریف نے کسٹمز کلیئرنس میں جدید ٹیکنالوجی ، اے آئی کے استعمال سے کلیئرنس کے دورانیے میں خاطر خواہ کمی پرایف بی آر حکام ،سگریٹ سازی کی غیر قانونی فیکٹریوں کےخلاف موثر کارروائی پر ایف بی آر ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہادرآمدات ،برآمدات کی کسٹمز کلیئرنس کے دورانیے کو مزید کم ،حکومتی محصولات بڑھانے کےلئے معیشت کے تمام شعبوں میں ٹیکس انفورسمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔

شہبازشریف نے ایف بی آر کے ٹیکس چوروں ،غیر قانونی فیکٹریوں کےخلاف اقدامات میں صوبائی حکومتوں کو ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے اورسیلز ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی۔